کوکن مہاراشٹر کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے: سنیترہ اجیت پوار
اب دوسرے ’دادا‘ پیدا نہیں ہو سکتے، لیکن ان کی دور اندیشی کو ساتھ لے کر کام جاری رکھیں گے: سنیل تٹکرے
روہا-اشٹمی میونسپل کونسل میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد
رائے گڑھ/روہا: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار نے کہا ہے کہ کوکن دراصل ایک مقدس سرزمین ہے، جسے یہاں کے لوگوں نے اپنی محنت اور لگن سے سنوارا ہے، اور یہ خطہ مہاراشٹر کی ترقی کے معاملے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی صرف سیمنٹ کی سڑکیں بنانے کا نام نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں خوشحالی، معاشی استحکام اور بہتر معیارِ زندگی لانا حقیقی ترقی ہے۔ وہ روہا-اشٹمی میونسپل کونسل میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے بعد منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔
اس موقع پر سنیترہ اجیت پوار نے مرحوم اجیت دادا پوار کے کوکن سے گہرے جذباتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دادا ہمیشہ کوکن کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے اور یہاں کے لوگوں سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات اس لیے اعتماد سے کہہ رہی ہیں کیونکہ وہ ان کی شریکِ حیات رہی ہیں اور انہوں نے قریب سے ان کے جذبات کو محسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اجیت دادا کا کوکن سے جذباتی رشتہ تھا، اسی طرح ان کا بھی اس خطے سے رشتہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ سنیترہ پوار نے کہا کہ سنیل تٹکرے نے اس بات کا ذکر کیا تھا کہ انہوں نے آج تک اجیت دادا کے بغیر کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا، اور وہ بھی اسی روایت کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ اس تقریب میں شریک ہوئیں۔ روہا شہر کے مستقبل کے لیے اس موقع کو اہم قرار دیتے ہوئے سنیترہ پوار نے کہا کہ آج جن ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، وہ علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این سی پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے اجیت دادا کو ایک ترقی پسند اور دور اندیش لیڈر کے طور پر دیکھا ہے۔ اب دوسرے ’دادا‘ پیدا نہیں ہو سکتے، لیکن ان کی سوچ اور ترقیاتی وژن کو ساتھ لے کر کام جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اجیت دادا کی جدائی کا غم ہے تو دوسری طرف اس بات کا اطمینان بھی ہے کہ سنیترہ اجیت پوار ان کے ترقیاتی ویژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے سنیترہ پوار کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ رائے گڑھ ضلع میں ابھی بھی بنیادی سہولیات کے کئی منصوبے مکمل کیے جانے باقی ہیں اور اجیت دادا کو خاص طور پر کوکن اور رائے گڑھ ضلع سے بے حد لگاؤ تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب ’نسرگ‘ طوفان نے کوکن کو متاثر کیا تھا تو اجیت دادا فوراً امداد کے لیے پہنچے تھے اور خصوصی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح کورونا وبا کے دوران جب لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے خوفزدہ تھے، تب بھی اجیت دادا خود ماسک پہن کر عوام کی مدد کے لیے میدان میں اترے تھے۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اجیت دادا کے ہاتھوں ہوا تھا اور آج جن منصوبوں کا سنگ بنیاد سنیترہ پوار نے رکھا ہے، ان کا افتتاح بھی سال کے آخر تک انہی کے ہاتھوں ہوگا۔ اجیت دادا کو یاد کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے کہا کہ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب انہیں دادا کی یاد نہ آتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ بارامتی کے ہر درخت، ہر پھول اور ہر پتے میں آج بھی اجیت دادا کی سانسیں محسوس ہوتی ہیں اور جس ترقیاتی ویژن کے ساتھ انہوں نے بارامتی کو سنوارا، ویسی ہی سوچ آج روہا میں بھی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ملک میں مایاوتی کو ’بہن جی‘، ممتا بنرجی کو ’دیدی‘ اور جے جے للیتا کو ’امّاں‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، اسی طرح سنیترہ اجیت پوار ملک کی پہلی ’وہنی‘ کے طور پر پہچانی جائیں گی۔
تقریب کے دوران وزیر ادیتی تٹکرے بھی اجیت دادا کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دادا کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی اور ایسا لیڈر ملنا ان کی خوش نصیبی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا جہاں کہیں بھی ہوں گے، جس طرح ان کی نظر ہمیشہ بارامتی پر رہتی تھی، اسی طرح اپنے قریبی دوست سنیل تٹکرے اور اس دھرتی پر بھی ان کی دعائیں برقرار رہیں گی۔ اس موقع پر ادیتی تٹکرے اور انیکیت تٹکرے نے سنیترہ اجیت پوار کو خصوصی تہنیتی مکتوب پیش کر کے ان کا استقبال کیا جبکہ رائے گڑھ ضلع کی مختلف شخصیات اور بی جے پی عہدیداران نے بھی ان کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران روہا-اشٹمی میونسپل کونسل کی جانب سے کندلیکا ندی کنارے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر مبنی ایک خصوصی آڈیو ویژول پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر سنیترہ اجیت پوار، سنیل تٹکرے، ادیتی تٹکرے، انیکیت تٹکرے، رائے گڑھ ضلع صدر سدھاکر گھارے، اقلیتی کمیشن کے صدر مشتاق انتولے، ضلع پریشد کے نائب صدر مدھوکر پاٹل، سبھاپتی وجیا باشلکر، مہاڑ کی پارٹی لیڈر سنیہل جگتاپ، روہا-اشٹمی میونسپل کونسل کی صدر ونشری شیڈگے، پارٹی عہدیداران، کارکنان اور سینئر ضلعی افسران بڑی تعداد میں موجود تھے۔