عمران پرتاپ گڑھی مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کے امیدوار

ناندیڑ۔ ۲۹؍ مئی ( ورق تازہ نیوز):آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے قومی صدر و مشہور شاعر عمران پرتاپ گڑھی کو کانگریس پارٹی نے مہاراشٹر سے راجیہ سبھا بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ آج کانگریس پارٹی کے پریس نوٹ میں راجیہ سبھا کے امیدوار وں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ جس کے مطابق مہاراشٹرا سے عمران پرتاپ گڑھی کو راجیہ سبھا کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ سے راجو شکلاء، رنگیت رنجن ، ہریانہ سے اجئے ماکن، کرناٹک سے جئے رام رمیش، مدھیہ پردیش سے وویک تنخاہ،راجستھان سے رندیپ سرجے والا، موکول واسنیک، پرمود تیوار، تمل ناڈو سے پی چدمبرم کو نامزد کیا گیا ہے۔

پچھلی بار مہاراشٹرا سے پی چدمبرم کو راجیہ سبھا بھیجا گیا تھا ان کی میعاد مکمل ہونے پر اب ۶؍ سال کے لیے عمران پرتاپ گڑھی کو راجیہ سبھا بھیجا جارہا ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی کو پچھلے دنوں ہی آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کا قومی صدر بنایا گیا تھا۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ۲۰۱۷؍ چنائو میں انہوں نے ناندیڑ آکر پہلی بار سیاسی جلسوں میں حصہ لیا تھا اور اس کے بعد وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اور ریاستی وزیر اشوک چوہان نے انہیں راجیہ سبھا پر نامزد کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد پارٹی کے اعلیٰ قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی نے بھی عمران پرتاپ گڑھی کے نام کو منظوری دی۔

عمران پرتاپ گڑھی کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں ان کے چاہنے والوں نے مسرت کا اظہار کیا ساتھ ہی مہاراشٹرا بھر میں بھی اس فیصلہ کا مسلمانوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی کا راجیہ سبھا کے لیے بلا مقابلہ انتخاب یقینی بتایا جارہا ہے کیونکہ کانگریس کے کوٹے میں ایک ہی نشست آرہی ہے اور اس نشست سے واحد امیدوار عمران پرتاپ گڑھی کا آج پرچہ نامزدگی داخل کیا جائے گا۔

Leave a comment