🍁✍۔مَسْعُود مَحبُوب خان (ممبئی)🍁
📱09422724040
روزہ روح کو پاکیزگی عطا کرتا ہے اور بندے کو اپنے ربّ سے مزید قریب کر دیتا ہے۔ رمضان میں روزے، نماز، قرآن اور دعا کے ذریعے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسان اپنی زندگی پر غور کرتا ہے اور برے اعمال سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔ سورۃ البقرہ آیت نمبر 183 میں روزے کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے فرمایا گیا: "لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ” یعنی "تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ”۔ حدیث میں آتا ہے: "جو شخص ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے، اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں” (بخاری، مسلم)۔ رمضان میں اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں۔
شعبان کی آخری شب میں اِسْتِقْبالِ رمضان کے ضمن میں رسول کریمﷺ نے ایک خطبے میں ارشاد فرمایا: "لوگو تم پر ایک ایسا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے، جس کی ابتداء رحمت، جس کا وسط مغفرت اور جس کا اختتام نار جہنم سے آزادی کا ضامن ہے”۔ رحمت، مغفرت اور نیکیوں کے فروغ اور حصول سعادت کے موسم بہار یعنی رمضانُ المقدّس عنقریب ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ حقیقت میں خوش نصیب ہے وہ جسے ماہِ مقدس کی مبارک ساعتیں میسر ہوں۔ اس پر مسرت ماہِ مبارک کی عنقریب آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
موسلا دھار بارش کی آمد سے پہلے جس طرح ہلکی بوندوں کی پھوار پڑتی ہے اور موسم سوندھی سوندھی خوشبو سے خوشگوار ہو جاتا ہے، بالکل اسی طرح رمضانُ المبارک سے پہلے رجب اور شعبان میں ہی اللّٰہ کی رحمت کے خوشگوار جھونکے آنے لگتے ہیں۔ شعبان کا چاند نظر آتے ہی صحابۂ کرامؓ تلاوتِ قرآنِ پاک کی طرف زیادہ متوجہ ہو جاتے اور اپنے اموال کی زکوٰۃ نکالتے، تاکہ غریب اور مستحق مسلمان رمضان کے روزوں کی تیاری کر سکیں۔ نبی کریمﷺ ماہِ شعبان بلکہ رجب سے ہی رمضان کے اِسْتِقْبال کے ساتھ اس کے برکات و حسنات حاصل کرنے کے لیے تیار ہو جاتے اور شدّت سے اس کی آمد کا انتظار فرماتے۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ جب رجب کا مہینہ آتا تو حضور اکرمﷺ یہ دعاء مانگا کرتے تھے: "اے اللّٰہ! ہمارے لئے رجب اور شعبان کے مہینے میں برکت عطاء فرما اور ہمیں رمضان کے مہینے تک پہنچا دیجیے”۔ رمضانُ المبارک کا اِسْتِقْبال کرنے کے لیے طبیعتوں کو جس طرح آمادہ ہونا چاہیے، اس دعاء میں اس کا احاطہ نظر آتا ہے۔
تعظیماً کِسی کو لینے کے لئے آگے بڑھنے یا کسی عزیز و اقارب مہمان کے لئے آگے بڑھ کر خوش آمدید کہنے اور قدم بڑھا کر قریب پہنچنے کے عمل کو "اِسْتِقْبال” کہتے ہیں۔ سفر حج پر نکلا ہوا عازمینِ حج اللّٰہ کے گھر کا مہمان ہوتا ہے، اس مہمان کی عبادت و ریاضت و مجاہدات ان کی سہولت و آسانی اور اِسْتِقْبال کے لئے خادمین الحرمین الشریفین اور سعودی انتظامیہ جس طرح کئی مہینوں سے تیاری کرتی ہے، ٹھیک ہمیں بھی اس ماہِ مبارک کے اِسْتِقْبال کے لئے پیش پیش ہونے کی ضرورت ہے۔
اِسْتِقْبالِ رمضان حدیث سے ثابت ہے اور اس کی حکمت بھی سمجھ میں آتی ہے کہ رمضان المبارک کی برکات کو اپنے دامنِ ایمان و عمل میں سمیٹنے کا ایک مزاج اور ماحول پیدا ہو، کیونکہ جب دل و دماغ کی زمیں زرخیز ہوگی، قبولِ حق کے لیے اس میں نرمی اور لطافت پیدا ہوگی تو ایمان دل میں جڑ پکڑے گا‘ اعمالِ خیر کی طرف رغبت ہوگی اور شجرِ ایمان ثمرآور اور بارآور ہوگا۔
شاید اسی لئے اِسْتِقْبال رمضانُ المبارک کے لئے کئی خطوں خصوصاً عالم عرب میں ایک اہم جز کے طور پر فانوس رمضان سے ماہِ صیام کے اِسْتِقْبال کا اپنا ہی انداز نظر آتا ہے۔ فانوس کا مطلب چراغ یا روشنی کے ہوتے ہیں، رمضان کے مہینے میں فانوس و قمقموں کے ذریعے مسلم معاشرہ، علاقوں، سڑکوں اور عبادت گاہوں کو روشن و مزین کیا جاتا ہے۔ یہاں رمضان کا اِسْتِقْبال باقی اسلامی دنیا سے مختلف ایک خاص ماحول میں کیا جاتا ہے۔ رمضان کے ایام یہاں دنیا کے دیگر ممالک سے یکسر مختلف ہیں۔ ماہِ صیام میں پورا عرب معاشرہ رمضان میں ڈھل جاتا ہے۔ آج بھی وہاں مساہراتی فانوس اٹھا کر شہر کے مختلف علاقوں کے چکر لگاتا ہے، تاکہ اگر کوئی شخص آواز سے بیدار نہیں ہوتا تو وہ روشنی سے جاگ جائے۔ "مساہراتی” (منادی کرنے والے)، مکہ المکرمہ میں مساہراتی کو "زمزمی” بھی کہتے ہیں۔
لفظ رمضان "رمض” یا "رمضاء” سے مشتق ہے۔ رمض کے معنی جلنے کے ہیں، جب کہ رمضاء موسمِ خریف کی بارش کو کہتے ہیں۔ اس مبارک مہینے میں انسان کے گناہ اور اس کی روحانی کثافتیں جل کر ختم ہو جاتی ہیں، اور اللّٰہ کی رحمتوں کی ایسی بارش نازل ہوتی ہے کہ دل کا میل کچیل دھل جاتا ہے۔ یہی نہیں، بلکہ یہ مہینہ دنیا و آخرت کی کامیابی کی کھیتیاں سیراب کر کے انہیں بار آور بناتا ہے۔
ماہِ رمضانُ المبارک درحقیقت انسانی زندگی میں تبدیلی اور انقلاب کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ مہینہ اپنے دامن میں کردار سازی کا مکمل نظام لے کر آتا ہے، جو انسان کو روحانی، اخلاقی اور عملی طور پر سنوارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ لہٰذا، ہمیں چاہیے کہ اس عظیم مہینے کا استقبال پوری تیاری کے ساتھ کریں تاکہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نمایاں اور مثبت تبدیلی لا سکیں۔
اگر ماہِ رمضان کے فلسفے کو مومنانہ بصیرت اور گہرے شعور کی نگاہ سے دیکھا جائے تو ہی ہم اس کا حقیقی، پرتپاک اور والہانہ استقبال کر سکتے ہیں۔ یہی وہ مبارک مہینہ ہے جس میں قرآنِ مقدس کا نزول ہوا، جو ہدایت اور رحمت کا سر چشمہ ہے۔ یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے روحانی تجدید، اللّٰہ کی مہربانیوں کی طرف رجوع، غریبوں کے ساتھ ہمدردی، اور مختلف معاشروں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ رمضان انفرادی اور اجتماعی سطح پر تزکیۂ نفس کا درس دیتا ہے اور انسان کے قلب و روح کو پاکیزگی کی دولت سے مالا مال کرتا ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ روزوں کا مقصد تقویٰ کی آبیاری اور رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ ماہِ رمضان کا استقبال کرنے کا ایک اہم طریقہ توبہ و استغفار ہے، تاکہ ہم اس بابرکت مہینے میں پاکیزہ روح اور خالص نیت کے ساتھ داخل ہو سکیں۔ رسول اللّٰہﷺ نے فرمایا کہ یہ صبر کا مہینہ ہے، اور صبر کا صلہ جنّت ہے۔ دوسرے مقام پر آپﷺ کا ارشاد ہے: "جو شخص ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے، اس کے پچھلے تمام گناہ بخش دیے جاتے ہیں” (صحیح بخاری)۔
اس مبارک مہینے میں تلاوتِ قرآنِ پاک اور ذکر کی کثرت ہوتی ہے، دل خوفِ خدا سے لرزتے ہیں اور رحمت کی امید لیے بندہ اپنے رب کے حضور رجوع کرتا ہے۔ رمضان کی برکت سے دل و روح میں انقلاب برپا ہو جاتا ہے، نوافل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ ہر مسلمان مرد و زن کو چاہیے کہ اس ماہ میں تراویح کا اہتمام کرے اور قیام اللیل و تہجد کی عادت ڈالے، تاکہ روحانی بلندی اور قربِ الٰہی حاصل کر سکے۔
ابھی سے اپنے روزوں کی فکر کیجیے اور درج ذیل اہم مسائل سے آگاہی حاصل کریں:
روزہ کن لوگوں پر فرض ہے؟
سحر و افطار کے درست اوقات کیا ہیں؟
روزے کی نیت سے متعلق کیا مسائل ہیں؟
رمضان میں انفاق فی سبیل اللّٰہ کی اہمیت کیا ہے؟
ماہِ صیام میں جہاد فی سبیل اللّٰہ کی بشارتیں کیا ہیں؟
کن چیزوں سے روزہ ٹوٹتا ہے، کن اعمال سے مکروہ ہوتا ہے، اور کن مجبوریوں کے تحت روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے؟
اس کے ساتھ ساتھ عبادات کے معمول کو منظم کریں، تاکہ رمضان کے فیوض و برکات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ روزے کے متعلق ضروری دینی علم حاصل کریں، سحری و افطار اور قیام اللیل کی مسنون دعائیں اور اذکار یاد کر لیں، اور تلاوتِ قرآنِ مجید کی تصحیح پر خصوصی توجہ دیں۔ مزید برآں، قیام اللیل کا اہتمام کریں، تاکہ اس مبارک مہینے کی رحمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ فیض یاب ہو سکیں۔
رمضان کی علمی و فکری تیاری پہلے سے طے شدہ ہونی چاہیے، تاکہ اس مبارک مہینے سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ رمضان کے تمام ضروری مسائل سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے، اور اس کے مقاصد کو ابھی سے ذہن نشین کر لینا چاہیے۔ قرآنِ مجید کا ترجمے کے ساتھ مطالعہ کریں اور تفاسیر سے رہنمائی لے کر اس کے معانی کو گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کریں۔ اسی طرح، رمضان اور روزے سے متعلق قرآن و حدیث کی تعلیمات اور احکامات پر غور و فکر کریں، تاکہ رمضان کی اصل روح کو سمجھا جا سکے اور اس کی برکتوں سے حقیقی فائدہ حاصل ہو۔
رمضان کی فضیلت میں یہ بھی بیان کیا جاتا ہے کہ تمام آسمانی کتابیں اسی ماہ میں نازل ہوئیں۔ مسند احمد ابن حنبلؒ کی روایت کے مطابق: "صحفِ ابراہیمؑ رمضان کی 3 تاریخ کو نازل ہوئے، تورات 6 تاریخ کو، انجیل 13 تاریخ کو، زبور 18 تاریخ کو، اور قرآنِ مجید 24 تاریخ کو نازل کیا گیا”۔ لہٰذا، ابھی سے اپنا نظام الاوقات مرتب کریں اور عبادات و معمولات کی پابندی کا آغاز کریں، تاکہ رمضان المبارک کی برکتوں سے مکمل استفادہ کیا جا سکے۔
ہمیں اس مبارک مہینے کو اپنی زندگی کا آخری رمضان سمجھ کر گزارنا چاہیے، کیونکہ معلوم نہیں کہ یہ سنہری موقع دوبارہ نصیب ہو یا نہ ہو۔ ہمیں اس رمضان کو اپنی زندگی کا فیصلہ کن موڑ بنانے کا عزم کرنا چاہیے۔ آئیے، یہ ارادہ کریں کہ اس بار ہم پورے ایک ماہ کی مشق و تربیت کے ذریعے اپنی زندگی میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ اس ایک ماہ کے روحانی و اخلاقی تربیتی کورس کے ذریعے ہمارے جسم، دل، اور دماغ نیکیوں کے عادی اور برائیوں سے متنفر ہو جائیں گے، اور ہم اپنے رب کے قریب تر ہونے کی کوشش کریں گے۔
اس مبارک عزم کے بعد، اپنے ذہن کو رمضان المبارک کی تیاری کے لیے یکسو کر لیں۔ جس طرح سالانہ امتحان سے پہلے انسان کے دل و دماغ پر امتحان کی فکر سوار ہو جاتی ہے، اسی طرح رمضان کو اپنی توجہ اور سوچ کا محور بنا لیں۔ ابھی سے طے کریں کہ اس بابرکت مہینے میں کس طرح زیادہ سے زیادہ رحمتیں اور برکتیں سمیٹنی ہیں۔ غور کریں کہ اس عظیم سالانہ امتحان میں کامیابی کیسے حاصل کرنی ہے اور خود کو اللّٰہ کے انعام کا مستحق کیسے بنانا ہے۔ اگر ہم اس کی مشق ابھی سے شروع کر دیں تو رمضان کی راتوں کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔ کیونکہ بغیر تیاری کے رات کو بیدار ہونا اور پھر عبادت میں مشغول رہنا طبیعت پر شاق گزر سکتا ہے۔ لیکن اگر پہلے سے کچھ مشق اور عادت ڈال لی جائے تو یہ مشکل کام نہایت آسان اور خوشگوار ہو جائے گا۔
روزوں کو نکاح کا تِرْیاق اور نفسانی خواہشات پر قابو پانے کا بہترین ذریعہ کہنا غلط نہ ہوگا۔ نبی اکرمﷺ نے بھی روزے کو نفسانی خواہشات پر قابو پانے کا بہترین ذریعہ قرار دیا اور نوجوانوں کو نصیحت فرمائی: "اے نوجوانو! تم میں سے جو نکاح کی استطاعت رکھتا ہو وہ نکاح کر لے، اور جو اس کی طاقت نہ رکھتا ہو وہ روزہ رکھے، کیونکہ روزہ شہوت کو توڑ دیتا ہے”۔ اس ارشادِ مبارک سے واضح ہوتا ہے کہ روزہ محض ایک عبادت نہیں بلکہ ایک مضبوط اخلاقی و روحانی ڈھال ہے جو انسان کو گناہوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ آج کے پرفتن دور میں معاشرتی برائیوں اور فتنوں کو روکنے میں روزہ ایک مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ روزوں کے ذریعے ہم اپنی خواہشات کو قابو میں رکھ سکتے ہیں اور خود کو گناہوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
رسول اللّٰہﷺ نہایت سخی اور فیاض تھے، اور رمضان المبارک میں آپ کی سخاوت کئی گنا بڑھ جاتی تھی۔ اگرچہ دیگر مہینوں میں بھی انفاق فی سبیل اللّٰہ کی بڑی اہمیت ہے، لیکن رمضان المبارک میں اس کی فضیلت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ابھی سے بے جا اخراجات اور غیر ضروری اسراف کو کم کر لیا جائے تو، ان شاء اللّٰہ! رمضان میں زیادہ سے زیادہ انفاق کے مواقع میسر آئیں گے۔ معمول کے انفاق کے ساتھ ساتھ، کچھ رقم مخصوص کرکے رمضان میں زیادہ خیرات و صدقات کے لیے خود کو تیار کرنا بھی استقبالِ رمضان کی بہترین تیاریوں میں سے ہے۔
عوامی مقامات پر، جہاں روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، وہاں اجتماعی افطار و سحری کے لیے "رمضان خیمہ” کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔ جیسے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف ایسے خیمے قائم کرنا نہایت ضروری ہے، تاکہ مسافروں، مریضوں کے تیمارداروں اور طلبہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس نیک کام کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی اور عملی کوششیں شروع کر دینی چاہئیں، تاکہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی یہ خدمت مؤثر انداز میں انجام دی جا سکے۔
حدیثِ مبارکہ میں ترغیب، تشویق اور تنبیہ (تحریص) کی ایک مکمل دنیا آباد ہے۔ اسی حدیث میں شوق، انتظار اور اشتیاق کا اظہار بھی نمایاں ہے۔ رسول اللّٰہﷺ مسجد میں تشریف لائے اور جب تین زینوں پر چڑھے تو ہر بار "آمین” فرمایا۔ صحابہ کرامؓ نے وجہ دریافت کی تو آپؐ نے ارشاد فرمایا: "جبرئیلِ امینؑ تشریف لائے تھے، اور جب میں پہلے زینے پر چڑھا تو انہوں نے کہا: ‘ہلاک اور برباد ہو جائے وہ شخص جو اپنے بوڑھے ماں باپ کو، یا ان میں سے کسی ایک کو اپنی زندگی میں پائے اور پھر بھی اپنی مغفرت نہ کروا سکے’، تو میں نے کہا: ‘آمین’۔ جب دوسرے زینے پر چڑھا تو جبرئیلِ امینؑ نے کہا: ‘ہلاک ہو جائے وہ شخص جس کے سامنے نبی اکرمﷺ کا اسمِ گرامی لیا جائے اور پھر بھی وہ آپؐ پر درود نہ بھیجے’، تو میں نے کہا: ‘آمین’۔ جب تیسرے زینے پر چڑھا تو انہوں نے کہا: ‘ہلاک ہو جائے وہ شخص جو رمضان، جیسا رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ پائے اور پھر بھی اپنی مغفرت نہ کروا سکے’، تو میں نے کہا: ‘آمین’۔” (صحیح مسلم)
انتہائی بدنصیب وہ شخص ہوگا جسے یہ مبارک مہینہ نصیب ہو، مگر وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ رمضان المبارک سے بھرپور استفادے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے سے ہی اس کی مکمل تیاری کی جائے۔ رسول اللّٰہﷺ رمضان کے بعد سب سے زیادہ روزے ماہِ شعبان میں رکھتے تھے۔ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ شعبان کا مہینہ، جو رمضان المبارک سے متصل ہے، تیاری کے لیے بہترین وقت ہے۔ گزشتہ رمضان کو یاد کرتے ہوئے اس میں ہونے والی کمیوں اور کوتاہیوں سے سبق حاصل کریں اور موجودہ رمضان کو زندگی کا آخری رمضان سمجھ کر اسے پہلے سے زیادہ بہتر اور زیادہ بابرکت بنانے کی کوشش کریں۔
یہ ضروری ہے کہ ہم آنے والے رمضان کے استقبال کی تیاری آج ہی سے شروع کر دیں۔ رمضان کا استقبال اس پختہ ارادے کے ساتھ کریں کہ ہم فوراً تمام گناہوں اور معصیت سے ہمیشہ کے لیے توبہ کر رہے ہیں۔ اپنے اس ارادے کو سچی توبہ سے مزید تقویت دیں اور آئندہ تمام چھوٹے بڑے گناہوں سے بچنے کا پختہ عزم کریں۔ اس پر ثابت قدم رہنے کے لیے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا مانگیں کہ وہ ہمیں ہدایت، استقامت اور تقویٰ کی دولت عطا فرمائے۔
رمضان المبارک میں عملی نکات: ایک منظم اور بامقصد تیاری
رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے، اور اس کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے ایک منظم عملی منصوبہ ضروری ہے۔ ذیل میں کچھ اہم نکات دیے جا رہے ہیں جو رمضان کو بہترین اور بامقصد بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
روزانہ عبادات کا شیڈول
رمضان میں عبادات کا خصوصی اہتمام ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روحانی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔ ایک متوازن شیڈول درج ذیل ہو سکتا ہے:
سحری کے بعد:
تہجد (کم از کم دو رکعت)۔ قرآن کی تلاوت (مع ترجمہ و تدبر)۔ اذکار اور دعائیں۔ فجر کی نماز با جماعت
صبح تا دوپہر:
اشراق کی نماز۔ دینی و اسلامی کتب کا مطالعہ۔ صدقہ و خیرات کا اہتمام (اگر ممکن ہو تو کسی غریب خاندان کی مدد)
دوپہر تا عصر:
قیلولہ (مختصر آرام) تاکہ تراویح میں یکسوئی حاصل ہو۔ ظہر کی نماز با جماعت۔ قرآن فہمی کے لیے وقت نکالنا۔ کسی دینی درس میں شرکت یا آن لائن علمی لیکچرز سننا
افطار سے پہلے:
عصر کی نماز۔ درود شریف، استغفار، اور دعا۔ افطار کی تیاری اور مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنا
مغرب تا تراویح:
مغرب کی نماز کے فوراً بعد شکرانے کے نوافل۔ مختصر آرام یا ذکر و دعا۔ عشاء اور تراویح کی نماز با جماعت۔ قیام اللیل اور توبہ و استغفار
رمضان قرآن کا مہینہ ہے، اس لیے اس کے معانی اور پیغام کو سمجھنا سب سے اہم عمل ہونا چاہیے۔ روزانہ کم از کم ایک رکوع کی تلاوت مع ترجمہ و تفسیر پڑھنا۔ قرآنی آیات پر غور کرنے کے لیے ایک مخصوص نوٹ بک رکھنا، جس میں اہم نکات درج کیے جائیں۔ رمضان میں کم از کم ایک مرتبہ قرآن مکمل کرنے کی کوشش کرنا۔ قرآن کو زندگی میں عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے اس کے احکامات پر غور کرنا۔
رمضان میں وقت ضائع کرنا سب سے بڑی محرومی ہو سکتی ہے۔ اس لیے، سوشل میڈیا اور غیر ضروری مشاغل کو محدود کریں۔ رمضان کے لیے ایک ڈیلی ٹو ڈو لسٹ بنائیں اور اس پر عمل کریں۔ زیادہ وقت عبادات، مطالعے اور سماجی خدمات میں صرف کریں۔ رات کو سونے سے پہلے دن بھر کا جائزہ لیں اور اگلے دن کی منصوبہ بندی کریں۔ رمضان میں دوسروں کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی ہے۔ اس کے لیے، غریب اور مستحق افراد کے لیے راشن یا افطار پیکجز تیار کریں۔ کسی مسجد، مدرسے یا خیراتی ادارے میں تعاون کریں۔ یتیموں، بیماروں اور بے سہارا افراد کی مدد کریں۔ اپنے علاقے میں لوگوں کو قرآن اور دین سکھانے کے لیے کوئی عملی قدم اٹھائیں۔ اگر ممکن ہو تو کم از کم ایک افطاری کسی ضرورت مند کے ساتھ کریں۔
رمضان المبارک ہمیں خود کو بہتر بنانے اور دوسروں کے لیے نفع بخش بننے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم روزانہ عبادات، قرآن فہمی، وقت کے بہتر استعمال، اور سماجی خدمت کے ان عملی نکات پر توجہ دیں تو یہ رمضان نہ صرف ہماری زندگی بدل دے گا بلکہ ہماری آخرت کے لیے بھی بہترین سرمایہ ثابت ہوگا۔
رمضان المبارک ایک اجتماعی عبادت اور سماجی ہم آہنگی کا مہینہ ہے۔ آج کے دور میں عوامی آگہی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا، اور کمیونٹی پلیٹ فارمز کو بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان ذرائع کے ذریعے نہ صرف لوگوں کو رمضان کی تیاری کے لیے شعور دیا جا رہا ہے، بلکہ انہیں عملی طور پر مستفید ہونے کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا سب سے مؤثر ذریعہ بن چکا ہے جہاں مختلف پلیٹ فارمز پر رمضان سے متعلق آگہی مہمات چلائی جاتی ہیں۔
اسلامی اسکالرز اور ادارے رمضان کے فضائل، عبادات، اور روزمرّہ کے معمولات پر ویڈیوز، پوسٹس، اور آرٹیکلز شیئر کرتے ہیں۔ رمضان سے متعلق لائیو سوال و جواب کے سیشنز منعقد کیے جاتے ہیں۔ روزانہ قرآن، حدیث، اور فقہی مسائل پر مختصر ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ مختلف اسلامی ایپس اور ویب سائٹس پر رمضان کیلنڈر، سحری و افطار کے اوقات، اور خصوصی عبادات کے شیڈول فراہم کیے جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر مختلف ہیش ٹیگز جیسے #RamadanGoals ، #QuranChallenge ، #30DaysOfDua وغیرہ کے تحت روزانہ عبادات کی ترغیب دی جاتی ہے۔ فلاحی تنظیمیں سوشل میڈیا پر مہمات چلاتی ہیں، جیسے "رمضان راشن مہم”، "افطار دسترخوان”، اور "یتیموں کی کفالت”۔ Crowd-funding پلیٹ فارمز پر ضرورت مندوں کی مدد کے لیے رمضان کے خصوصی پروجیکٹس لانچ کیے جاتے ہیں۔
رمضان کی تیاری کے لیے مختلف ڈیجیٹل ذرائع بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ مختلف اسلامی ایپس پر رمضان سے متعلق مخصوص کورسز موجود ہوتے ہیں۔ یوٹیوب اور پوڈکاسٹ پلیٹ فارمز پر روزانہ درسِ قرآن اور رمضان کے احکام پر مبنی ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ مختلف ایپس اور ویب سائٹس پر مقامی وقت کے مطابق سحری و افطار کے اوقات فراہم کیے جاتے ہیں۔ موبائل پر نماز اور دعا کی یاد دہانی کے لیے نوٹیفکیشن سیٹنگز کی جا سکتی ہیں۔
واٹس ایپ اور ٹیلیگرام گروپس میں قرآن خوانی اور ذکر و اذکار کی مجالس منعقد کی جاتی ہیں۔ زوم اور گوگل میٹ کے ذریعے آن لائن دروس اور رمضان ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک میں مساجد اور کمیونٹی سینٹرز کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ رمضان سے پہلے "استقبالِ رمضان” کے عنوان سے تربیتی لیکچرز اور سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں۔ مساجد میں رمضان کے خصوصی معمولات جیسے قیام اللیل، اعتکاف، اور اجتماعی دعا کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے رمضان کے روحانی و عملی پہلوؤں پر خصوصی نشستیں رکھی جاتی ہیں تاکہ وہ عبادات کو بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔ خواتین کے لیے قرآن فہمی، حدیث، اور فقہ سے متعلق دروس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مستحق افراد میں رمضان راشن، افطار پیکٹس، اور مالی امداد کی تقسیم کی جاتی ہے۔ کمیونٹی سینٹرز میں اجتماعی افطار اور سحر کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ضرورت مند افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اور مساجد کے ذریعے عوامی آگہی کی یہ مہمات رمضان المبارک کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان ذرائع کے مؤثر استعمال سے نہ صرف لوگوں میں دین سے جڑنے کا جذبہ پیدا ہو رہا ہے بلکہ سماجی بہبود اور خیرات کے کاموں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر ہم ان ذرائع کو بہتر طور پر بروئے کار لائیں تو رمضان کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فیض حاصل کیا جا سکتا ہے۔
رمضان صرف روزوں کا مہینہ نہیں، بلکہ ایک جامع تربیتی نظام ہے جو انسان کے اندر پاکیزگی، صبر، تقویٰ اور اللّٰہ کی قربت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ یہ مہینہ تزکیۂ نفس، روحانی ترقی اور اجتماعی اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کا استقبال مکمل تیاری اور سنجیدگی کے ساتھ کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لا سکیں۔ یہ تیاری عبادات میں استقامت، نیک اعمال میں اضافہ، تعلق باللّٰہ کی مضبوطی اور برائیوں سے اجتناب پر مشتمل ہونی چاہیے۔ رمضان میں جو نیک عادات اور صالح رجحانات پروان چڑھتے ہیں، انہیں برقرار رکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔ رمضان کے بعد بھی اسی روح کو زندہ رکھنا چاہیے تاکہ یہ تبدیلی وقتی نہ رہے بلکہ دائمی بن جائے۔
اللّٰہ ربّ العزت! ہمیں رمضان المبارک کے ایک ایک لمحے کو قیمتی بنانے، اس بابرکت مہینے کی حقیقی روح کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللّٰہ سے دعاگو ہیں کہ یہ پُر فیض، پُربہار موسمِ رمضانُ المبارک امتِ مسلمہ کے لیے ایک نئی زندگی، ایک نیا حوصلہ، ایک نیا جذبہ اور ہدایت و کامیابی کا ذریعہ بن جائے۔ (آمین ثم آمین یا ربّ العالمین)۔
•┅┄┈•※✤م✿خ✤※┅┄┈•
🍁مَسْعُود مَحبُوب خان (ممبئی)🍁
📧masood.media4040@gmail.com
Ⓜ️•••══ ༻م✿خ༺══•••Ⓜ️
○○○○○○○○○