محمد الطاف حسین سر ضلع صدر منتخب
ناندیڑ: یکم اکتوبر (ورق تازہ نیوز) سماج وادی پارٹی کے ریاستی کارگزار صدر کی ذمہ داریوں کو نبھالے والے جناب سید معین کی انتھک محنتوں سے پارٹی کو مہاراشٹر میں تیزی سے فروغ حاصل ہورہا ہے۔ ناندیڑ میں سماج وادی پارٹی کے احیاءسے ہی اپنا تعاون کرنے والے جناب محمد الطاف حسین سر کو جناب سید معین نے پارٹی کا ضلع صدر نامزد کیا ہے۔ گزشتہ روز دفتر سماج وادی پارٹی میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پارٹی کی ناندیڑ ضلع مجلس عاملہ کی تشکیل کی گئی۔ محمد الطاف حسین سر کو ان کے بہی خواہوں نے جلوس کی شکل میں دفتر سماج وادی پہنچایا۔ جناب سید معین نے ضلع صدر کی نامزدگی کا سرٹیفکیٹ انہیں پیش کیا۔ واضح رہے جناب محمد الطاف حسین سر سماج وادی پارٹی میں ابتداءہی سے ایک محترک قائد کے طور پر کارکرد ہیں۔ مضبوط عوامی روابط رکھتے ہیں اور فن تقریر سے بحسن و خوبی واقف ہیں۔ قوم و ملت کی بہبود کے لئے ان کی تڑپ کو ہر شہری محسوس کرتا ہے۔ اپنے آپ کو قوم و ملت کے لئے وقف کردینے والے محمد الطاف حسین سر پارٹی کے کارگزار صدر سید معین کے دست راست تصور کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر جناب سید معین نے توقع ظاہر کی کہ نئی ضلعی مجلس عاملہ پارٹی کو مزید استحکام بخشے گی۔ نئی مجلس عاملہ میں ندیم خاں، عثمان خاں، شیخ منہاج، محمد اسلم خاں، شیخ شاکر، سید الیاس، سید سراج الدین کو جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ محمد اظہر ضلع نائب صدر اور محمد راشد اللہ صدیقی کو ضلعی ترجمان منتخب کیا گیا۔ محمد سراج الدین خازن بنائے گئے ہیں۔ نئی مجلس عاملہ کے لئے سید معین اور سماج وادی پارٹی کی تمام یونٹوں نے مبارکباد کے ساتھ نیک خواہشات پیش کیں۔