امریکہ ایک بار پھر آبنائے ہرمز میں اپنا فوجی مشن ’پروجیکٹ فریڈم‘ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کے لیے اب راستہ ہموار ہوتا نظر آ رہا ہے، کیونکہ امریکہ کو سعودی عرب اور کویت نے اپنا ایئراسپیس استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ’پروجیکٹ فریڈم‘ کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
حالانکہ اس مشن کو شروع کرنے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد امریکہ کو اسے روکنے کا اعلان کرنا پڑا۔ اب جو رپورٹس سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق سعودی عرب اور کویت نے امریکہ کو دوبارہ اپنے فضائی حدود اور فوجی اڈوں کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد امریکہ پھر سے ’پروجیکٹ فریڈم‘ شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔
’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ اس مشن کو اسی ہفتے دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔ حالانکہ ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ ہیں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ آپریشن صرف 36 گھنٹوں بعد روک دیا گیا تھا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے لیے محفوظ آمد و رفت برقرار رکھنا چاہتا ہے اور اسی مقصد سے یہ مشن شروع کیا گیا تھا۔ پروجیکٹ فریڈم کے تحت امریکہ اپنے جنگی جہاز، جنگی طیارے، ڈرون اور نگرانی کے نظام تعینات کرے گا اور جہازوں پر ڈرون و میزائل حملے روکنے کی کوشش کرے گا۔