ممبئی میونسپل کارپوریشن کا انتخاب کانگریس اپنے بل بوتے پر لڑے گی: رمیش چنیتھلا

ممبئی والوں کو تنازع نہیں ترقی چاہیے، سماجی ہم آہنگی بگاڑنے والوں کو ممبئی سبق سکھائے گی: ورشا گا ئیکواڑ

ممبئی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا نے واضح کیا ہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا آئندہ انتخاب کانگریس پارٹی اپنے بل بوتے پر لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات مہاوکاس اگھاڑی کے تحت لڑے گئے، لیکن مقامی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کارکنان کی واضح رائے ہے کہ یہ مقابلہ خود اپنی طاقت پر ہونا چاہیے، اسی لیے بی ایم سی الیکشن میں کانگریس تنہا میدان میں اترے گی۔

ممبئی کانگریس کی پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ آج منعقد ہوئی، جس میں رمیش چنیتھلا کے علاوہ ممبئی کانگریس صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گا ئیکواڑ، اے آئی سی سی کے سیکریٹری و شریک انچارج یو بی وینکٹیش، راجیہ سبھا رکن چندرکانت ہنڈورے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان، ارکانِ اسمبلی اسلم شیخ، امین پٹیل، جیوتی گا ئیکواڑ، بھائی جگتاپ، سچن ساونت، گنیش یادو، مدھو چوان اور ڈاکٹر منہاس سنگھ سمیت کئی سینئر قائدین شریک تھے۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات نہیں کرائے گئے تھے اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد اب یہ عمل شروع ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی نیت انتخابات کرانے کی نہیں تھی، کیونکہ وہ منتظمین کے ذریعے براہِ راست میونسپل کارپوریشن کا نظام چلا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں بدعنوانی عروج پر ہے اور بی جے پی مہایوتی عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے ہندو مسلم تنازع پیدا کر کے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس اس کے برعکس تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے گی اور جلد ہی بی ایم سی انتخابات کے لیے انتخابی منشور اور چارج شیٹ جاری کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس کو اقتدار ملا تو ممبئی والوں کے بنیادی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ورشا گا ئیکواڑ نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا انتخاب ہم خیال جماعتوں کو ساتھ لے کر لڑا جائے گا، مگر کانگریس کی بنیادی حکمتِ عملی اپنے بل بوتے پر مضبوط مقابلہ کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے شہری مذہب، زبان یا علاقائیت کے نام پر تنازعات نہیں چاہتے، بلکہ ترقی اور بہتر شہری سہولیات چاہتے ہیں۔ کچھ طاقتیں جان بوجھ کر ذات اور مذہب کے نام پر اختلافات پیدا کر رہی ہیں، لیکن کانگریس کا فوکس صرف ترقی اور عوامی مسائل پر رہے گا۔

ورشا گا ئیکواڑ نے مزید کہا کہ دو ماہ قبل منعقدہ پارٹی کیمپ میں ہی بی ایم سی الیکشن اپنے بل بوتے پر لڑنے کا فیصلہ ہو چکا تھا۔ آنے والے دنوں میں کانگریس پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور اپنی انتخابی مہم میں آلودگی، پانی، صحت، کچرا مینجمنٹ اور تعلیم جیسے بنیادی شہری مسائل کو مرکز بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی کے عوام سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والوں کو اس بار سخت جواب دیں گے۔

MRCC Urdu News 20 Dec. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading