’بی جے پی ہٹاؤ، بیٹی بچاؤ ‘بات ناری سمّان کی این سی پی شعبہ خواتین کی جانب سے بلقیس بانو کے مجرمین کی رہائی کے خلاف زبردست مظاہرہ

ممبئی:بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی کے خلاف این سی پی شعبہ خواتین کی جانب سے آج یہاں زبردست مظاہرہ کیا گیاجس مرکز وگجرات کی بی جے پی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔این سی پی کے ریاستی دفتر کے پاس ہوئے اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت این سی پی شعبہ خواتین کی ریاستی صدر ودیا تائی چوہان نے کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 15/اگست22کو ایک جانب آزادی کا امرت مہوتسو منایاجارہا تھا تودوسری جانب گجرات میں بلقیس بانو کیس کے حیوانوں کو جیل سے رہا کیا جارہا تھا۔ آزادی کے چہرے کو داغدار کرنے والا رہائی کا یہ فیصلہ صرف ایک بلقیس بانو کے ساتھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی خواتین کی عزت ووقار کو خاک میں ملانے کی مانند ہے۔اس فیصلے سے ملک کی تمام خواتین کو سخت دھچکا لگا ہے۔ گجرات حکومت کے اسی فیصلے کے خلاف آج این سی پی کی شعبہ خواتین کی عہدیداران وکارکنان سڑکوں پر اترکر احتجاج کررہی ہیں۔

اس احتجاج کے دوران گجرات کی بی جے پی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی گئی۔ میں بھی دیش کی بیٹی ہوں، مجھے انصاف چاہئے، مودی کے غنڈہ راج میں عورتو ں پر ظلم زبردستی نہیں چلے گی، مہیلاؤں کو دو سمان تو ہوگا دیش مہان، واہ مودی تیرا کھیل دوشی باہر نردوش جیل، بلاتکاریوں کے لیے امرت کال، بی جے پی ہٹاؤ، بیٹی بچاؤ، بات ناری سمان کی درندوں کو چھوڑنے کی جیسے نعروں کے ساتھ یہ احتجاجی مظاہرہ تقریباًایک گھنٹے تک جار ی رہا۔