NCP Urdu News 24 March 25

مہاتما جوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھلے کو ’بھارت رتن‘ دیے جانے کا قرارداد منظور

یہ قرارداد عوامی جذبات کے احترام میں ہے، یہ ایوارڈ کا وقار بڑھانے والا اقدام ہے: اجیت پوار

ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی نے ایک تاریخی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’بھارت رتن‘ کے لیے مہاتما جوتی با پھلے اور کرانتی جیوَتی ساوتری بائی پھلے کے نام کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ترقی پسند اور اصلاح پسند مہاراشٹر کے شاندار ورثے کو مزید تقویت دینے والا اقدام ہے بلکہ ’بھارت رتن‘ جیسے عظیم اعزاز کی قدرو منزلت میں بھی اضافہ کرے گا۔

اجیت پوار نے کہا کہ یہ فیصلہ پورے ملک کے عوامی جذبات کا احترام کرنے والا ہے اور انہوں نے اس قرارداد کی متفقہ منظوری میں تعاون کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما جوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے نے ہندوستان میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھی تھی۔ پونے میں لڑکیوں کے لیے پہلی اسکول کا آغاز کرکے انہوں نے خواتین کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنے کا راستہ کھولا۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ خواتین زراعت، تعلیم، سائنسی تحقیق، سیاست، سماجی خدمات، اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ سب مہاتما پھلے اور ساوتری بائی پھلے کی دور اندیشی اور بے پناہ محنت کا نتیجہ ہے۔

مہاتما پھلے اور ساوتری بائی پھلے نے محروم اور پسماندہ طبقات تک تعلیم پہنچانے کے لیے جو ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں، وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی وہ ملک کے کسانوں، مزدوروں اور تمام مظلوم طبقات کے لیے’مہاتما‘ ہیں۔ ان کے اعزاز میں مہاراشٹر اسمبلی کی جانب سے منظور شدہ ’بھارت رتن‘ کی سفارش عوام کے جذبات کی ترجمانی اور ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز کے وقار میں اضافے کا باعث بنے گی۔

اجیت پوار نے کہا کہ مہاتما جوتی راو پھلے اور ساوتری بائی پھلے کی سماجی جدوجہد اور اصلاحاتی تحریک نے ملک میں مساوات اور تعلیم کے فروغ کی راہ ہموار کی۔ ان کے نظریات نے نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ہندوستان میں سماجی بیداری پیدا کی اور مظلوم طبقات کو آگے بڑھنے کی راہ دکھائی۔ آج ان کے مشن کو پورا کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، اور ان کے کام کو قومی سطح پر تسلیم کرنے کے لیے ’بھارت رتن‘ سے نوازا جانا انتہائی مستحسن فیصلہ ہے۔ اجیت پوار نے اس تاریخی لمحے کو ملک کے کروڑوں عوام کے لیے فخر کی بات قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان دو عظیم ہستیوں کو نہیں، بلکہ پورے مہاراشٹر اور ہندوستان کی اصلاحی تحریک کو خراج تحسین پیش کرنے کے مترادف ہوگا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading