NCP Urdu News 19 Sep 25

یہ کیمپ بلدیاتی انتخابات کے لیے نہیں بلکہ آئندہ نسل کی رہنمائی کے لیے ہے: اجیت پوار

ہماری قیادت نے ہمیں ایک سمت دی ہے: پرفل پٹیل

این سی پی جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو آگے لے جانی والی پارٹی ہے: سنیل تٹکرے

پارٹی پر تنقید ہوگی، حملے ہوں گے لیکن بغیر ڈرے ڈٹ کر سامنا کریں گے: چھگن بھجبل

ناگپور: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ناگپور میں جاری تجزیاتی کیمپ بلدیاتی اداروں کے انتخابات کی تیاری کے لیے نہیں بلکہ آئندہ نسل کو سمت اور رہنمائی دینے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کیمپ میں جو خاکہ تیار ہوگا اسے ’ناگپور ڈیکلریشن‘ کے طور پر پیش کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں اسی کی روشنی میں فیصلے ہوں گے۔

اجیت پوار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو یقین دلانا اور ان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس کیمپ کا مقصد جمہوریت، انصاف اور مساوات کی فکر کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ پارٹی کی بنیاد ہمہ مذہبی ہم آہنگی پر ہے اور ہم شیوا جی مہاراج، شاہو مہاراج، جیوتی راؤ پھولے اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی فکر کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ عوام کے قریب رہ کر بوتھ لیول پر کام کرے گی، روزگار اور عوامی رابطے کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ این سی پی نے کبھی اقتدار یا عہدے کے لالچ میں قدم نہیں اٹھایا، بلکہ ریاست کی ترقی اور پختہ فیصلہ سازی کے لیے ہی ہم مہا یوَتی میں شامل ہوئے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے وزرا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو کرسی خالی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وزیر کو لگتا ہے کہ وزارت پارٹی کے کام سے زیادہ اہم ہے تو بہتر ہے کہ وہ اپنی کرسی خالی کر دے۔ عوام کو دربدر نہ کیا جائے۔ جن وزرا کو ضلع کی ذمہ داری دی گئی ہے، انہیں صرف جھنڈا لہرانے نہیں آنا بلکہ عوامی مسائل حل کرنے کے لیے مہم چلانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر تین ماہ میں ہر ضلع میں عوامی رابطے کے پروگرام ہوں گے اور ہر مہینے نئی مہم یا نیا موضوع لے کر عوام تک پہنچا جائے گا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے جس دھرتی پر بدھ مت قبول کیا، اس مقدس سرزمین پر پارٹی کا تجزیاتی کیمپ ہونا اپنے آپ میں اہم ہے اور اس کے مثبت نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔

پارٹی کے قومی کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل نے کہا کہ ہمارے قیادت نے ہمیشہ ہمیں سمت دی ہے اور اقتدار میں رہ کر اس کا صحیح استعمال پارٹی کے مفاد میں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو چاہیے کہ پارٹی کے خلاف نقصان دہ بیانات ہرگز نہ دیں کیونکہ اس کا نقصان پورے پارٹی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی کسانوں اور دیہی عوام کی آواز ہے لیکن اب تیزی سے شہری مسائل بھی بڑھ رہے ہیں، اس لیے پارٹی کو شہروں میں بھی اپنی بنیاد مضبوط کرنی ہوگی۔ پرفل پٹیل نے وزرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صرف دو گھنٹے کے دورے کے لیے ودربھ نہ آئیں۔ اگر آنا ہے تو عوامی مسائل حل کرنے کے لیے آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے وزرا کو اپنی توانائی عوامی مسائل حل کرنے پر صرف کرنی ہوگی۔

این سی پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا کہ ہماری پارٹی جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ اجیت پوار کی قیادت میں پارٹی ریاست ہی نہیں بلکہ ملک کی ترقی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجزیاتی کیمپ پارٹی کی تاریخ میں منفرد ہے۔ آٹھ مختلف گروپوں نے اپنے خیالات پیش کیے اور پارٹی کی سمت پر وسیع پیمانے پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پر تنقید اس بات کی علامت ہے کہ ہمارا کام صحیح طریقے سے ہو رہا ہے۔

سنیل تٹکرے نے مزید کہا کہ’لاڈکی بہن یوجنا‘ مہا یوَتی حکومت کی پہچان بن گئی ہے اور اس اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کا سہرا اجیت پوار کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور تیاری کریں اور ذاتی رنجش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک خاندان کی طرح اجیت پوار کی قیادت میں کام کریں۔

سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر چھگن بھجبل نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی میدان میں صرف پارٹی کا لیبل کافی نہیں ہوگا، موضوعات کے ساتھ عوام کے پاس جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پر حملے ہوں گے، تنقید ہوگی لیکن ہمیں ڈر کر پیچھے نہیں ہٹنا بلکہ بے خوف ہو کر سامنا کرنا ہے۔ عوامی رابطے اور محنت ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر نواب ملک، دھننجے مُنڈے، مانک راؤ کوکاٹے، دتاترے بھرنے، مکَرند پٹیل، بابا صاحب پٹیل، سنیترا پوار، ادیتی تٹکرے اور دیگر وزرا، سابق وزرا، ارکانِ اسمبلی، سابق اراکین، عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

NCP Urdu News 19 Sep 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading