’اہلیا نگر-بیڑ-پرلی ویج ناتھ‘ ریلوے منصوبے کے لیے 150 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور
بیڑ کے عوام کو نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی جانب سے مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن پر تحفہ
ممبئی: بیڑ ضلع کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہونے والے’اہلیا نگر-بیڑ-پرلی ویج ناتھ‘ اس نئے براڈ گیج ریلوے منصوبے کو تیز رفتار بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے اب تک 2 ہزار 91 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔ اس میں آج مزید 150 کروڑ روپے کا اضافہ کر کے اس رقم کو جاری کر دیا گیا ہے۔ اس گرانٹ کی بدولت منصوبے کے کام کو مزید رفتار ملے گی اور نائب وزیر اعلیٰ و ضلع کے سرپرست وزیر اجیت پوار نے بیڑ کے عوام کو مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر ایک منفرد تحفہ دیا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے یعنی 17 ستمبر کو ’بیڑ-اہلیا نگر‘ مرحلے پر ریلوے سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
’اہلیا نگر-بیڑ-پرلی ویجناتھ‘ ریلوے منصوبے میں ریاستی حکومت کا حصہ 50 فیصد ہے۔ اب تک حکومت کی جانب سے 2 ہزار 91 کروڑ 23 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں اور آج اس میں مزید 150 کروڑ کی گرانٹ جاری کی گئی۔ یہ فنڈ مالی سال 2025-26 میں ریاستی حکومت کی جانب سے ریلوے محکمہ کو بطور حصہ دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ تقریباً 261 کلومیٹر طویل ہے جس کی مجموعی لاگت 4 ہزار 805 کروڑ روپے ہے۔ اس میں سے 2 ہزار 402 کروڑ روپے ریاستی حکومت کا حصہ ہے۔ آج جاری کی گئی رقم مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن سے دو دن پہلے فراہم کی گئی ہے تاکہ منصوبے کی تکمیل کو نئی رفتار ملے۔
بیڑ کے سرپرست وزیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اجیت پوار نے ضلع کی بنیادی سہولتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ ایئرپورٹ، ریلوے اور سڑک کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے انہوں نے ضلعی، علاقائی اور وزارت سطح پر متعدد اجلاس منعقد کیے اور محکموں میں مؤثر تال میل قائم کیا۔ ان کوششوں کا مثبت نتیجہ یہ نکلا کہ ’اہلیا نگر-بیڑ-پرلی ویج ناتھ‘ جیسا اہم اور طویل مدتی ریلوے منصوبہ تیز رفتار ہوا ہے۔ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر ’بیڑ-اہلیا نگر‘ مرحلے کی ٹرین شروع ہونے سے بیڑ کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
اجیت پوار نے کہا کہ یہ منصوبہ بیڑ، اہلیا نگر اور پرلی ویج ناتھ کے کسانوں، طلبہ، تاجروں، صنعت کاروں اور عام شہریوں کے لیے ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگا۔ اس ریلوے لائن کے ذریعہ ضلع میں سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نقل و حمل سہل ہو جائے گا۔ یہ میرا مستقل عزم ہے کہ اس منصوبے کو تیز تر کیا جائے تاکہ بید کا ہمہ جہتی ترقیاتی سفر شروع ہو سکے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے بیڑ ضلع کا نقشہ بدل جائے گا اور عوام کی زندگی میں نیا ترقیاتی دور آئے گا۔