NCP-SP Urdu News 6 May 25

جمہوریت کی بحالی میں عدلیہ کا فیصلہ سنگِ میل

سپریم کورٹ کے حکم سے مہاراشٹر میں مقامی اداروں کے انتخابات کی راہ ہموار، این سی پی (شرد پوار) کے ریاستی صدر جینت پاٹل کا ردِ عمل

سانگلی: مہاراشٹر میں مقامی خود مختار اداروں کے گزشتہ تین برس سے التوا میں پڑے انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حالیہ عبوری فیصلے کا ریاستی سیاسی حلقوں میں پرزور خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کو جمہوریت کے احیاء کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے ریاستی صدر جینت راؤ پاٹل نے عدلیہ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

سانگلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے جینت پاٹل نے کہا کہ پچھلے تین برسوں سے مہاراشٹر کی کسی بھی بلدیاتی یا مقامی خود مختار ادارے میں انتخابات منعقد نہیں ہوئے تھے اور تمام تر اختیارات انتظامی افسران کے ہاتھوں میں چلے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے اس صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر انتخابات کے اعلان اور چار ماہ کے اندر انتخابی عمل مکمل کرنے کا عبوری حکم جاری کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ انتخابات او بی سی طبقات کے لیے ریزرویشن سے متعلق سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کے تابع ہوں گے اور تمام قانونی تقاضے ملحوظِ خاطر رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے ہر سیاسی کارکن کے لیے یہ انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ تین برس کی تاخیر کے باوجود اب جب کہ عدالتِ عظمیٰ نے راست اقدام کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ ریاست میں جمہوری عمل کو از سرِ نو تقویت ملے گی۔

جینت پاٹل نے اس امر پر زور دیا کہ حکومتِ مہاراشٹر انتخابات کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا اگرچہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ضرورت پڑنے پر مہلت حاصل کرنے کی گنجائش دی ہے، لیکن ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ ریاستی حکومت کمیشن کے پیچھے چھپ کر انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کرے گی۔

ریاستی این سی پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ انتخابات صاف و شفاف، وقت پر اور غیر جانبدارانہ طور پر منعقد ہوں تاکہ عوام کو ان کے منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی حکمرانی حاصل ہو اور طویل عرصے سے رکی ہوئی ترقیاتی اسکیمات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ تین سال سے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کونسل، ضلع پریشد اور گرام پنچایتوں کے انتخابات نہیں ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں عوامی نمائندگی مکمل طور پر غیرفعال ہو چکی تھی۔ اس پس منظر میں عدالتِ عظمیٰ کا یہ فیصلہ ریاست میں جمہوری ڈھانچے کی بحالی کا سنگِ میل تصوکر کیا جا رہا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں