ممبئی کی سڑکوں پر گڈھے، ٹریفک جام، پانی جمع، پینے کے پانی کی قلت تو ہزاروں کروڑ روپے کہاں جا رہے ہیں؟: جینت پاٹل کا سوال

ممبئی: ممبئی میں ترقی کے نام پر ہزاروں کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود عام شہریوں کی زندگی میں کوئی بہتری نہیں ہے۔ ممبئی کی سڑکیں گڈھوں سے بھری ہوئی ہیں، ہر روز شدید ٹریفک جام ہوتا ہے، جگہ جگہ پانی جمع ہو جاتا ہے اور پینے کے صاف پانی کی بھی کمی ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ترقی کے نام پر خرچ ہونے والے ہزاروں کروڑ روپیے آخر جا کہاں رہے ہیں؟ یہ باتیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہی ہیں۔

گھاٹکوپر میں پارٹی کے 26 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ ’سَنْکَلپ شِبِر‘ کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے جینت پاٹل نے کہا کہ گھاٹکوپر کا علاقہ تاریخی طور پر تحریکوں کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے معروف ادیب انا بھاؤ ساٹھے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی علاقے میں مقیم تھے اور انہوں نے اپنی مشہور ناول ’فقیرا‘ یہیں پر لکھی، جو مہاراشٹر کی متحدہ ریاست کی تحریک میں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بنی۔ انہوں نے مزید ککہا کہ ممبئی ہمیں یونہی نہیں ملی، بلکہ یہ ایک تاریخی جدوجہد کا ثمر ہے۔ آج جان بوجھ کر ممبئی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں یہ خبر آئی کہ ’پیٹنٹ دفتر‘ کا مرکزی ہیڈکوارٹر ممبئی سے دہلی منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح بین الاقوامی مالیاتی خدمات مرکز (IFSC) کا تصور یو پی اے حکومت کے دوران پیش کیا گیا تھا، اور باندرہ-کرلا کمپلیکس میں اس کے لیے زمین بھی مختص کی گئی تھی، لیکن وہ منصوبہ بھی چپکے سے گجرات منتقل کر دیا گیا۔ 26/11 کے حملے کے بعد ممبئی کی سلامتی کے پیشِ نظر نیشنل میری ٹائم پولیس اکیڈمی اور نیشنل سیکیورٹی گارڈز کے مراکز بنانے کی تجویز آئی تھی، لیکن وہ بھی گجرات منتقل کر دیے گئے۔ یہاں تک کہ ممبئی کا ہیرا بازار بھی گجرات لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان تمام اقدامات کے ذریعے جان بوجھ کر ممبئی کو اقتصادی طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے۔

جینت پاٹل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی فکسڈ ڈپازٹس تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔ پیسہ تو کم ہو رہا ہے، لیکن شہر میں نیا کیا تعمیر ہو رہا ہے، یہ کسی کو نہیں معلوم۔ سڑکیں خستہ حال، پانی کی نکاسی کا نظام خراب اور بنیادی سہولیات کا فقدان۔ ان تمام مسائل کے باوجود اربوں روپے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟ آئے دن حادثات میں معصوم شہریوں کی جان جا رہی ہے، لیکن کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں تقسیم کے باوجود ممبئی کے کارکنان نے شرد پوار صاحب کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ عوام کی ہمدردی اور اعتماد ہی پارٹی کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل انتخابات قریب ہیں اور جو کارکن ایمانداری اور شفاف طریقے سے کام کرے گا، عوام اس کے ساتھ ضرور کھڑے ہوں گے۔ اسی لیے انہوں نے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے وارڈ میں پوری تیاری سے میدان میں اتریں اور عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading