تھانے میونسپل اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کی خیر مقدمی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی
وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک، رکنِ پارلیمان نریش مہسکے، ارکانِ اسمبلی سنجے کیلکر اور راجیش مورے نے طلبہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا
تھانے (آفتاب شیخ)
اسکول کا پہلا دن ہر طالب علم کے لیے ایک خاص موقع ہوتا ہے۔ کسی کے لیے اسکول کی نئی ابتدا، کسی کے لیے نئی جماعت، نئے اساتذہ اور نئے دوست۔ لیکن آج یہ دن اس لیے بھی خاص رہا کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کی خیر مقدمی تقریب نہایت جوش و خروش سے منائی گئی، جس میں وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک، رکنِ پارلیمان نریش مہسکے، ارکانِ اسمبلی سنجے کیلکر اور راجیش مورے، سابقہ عوامی نمائندوں اور میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کر کے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
ریاستی حکومت کی ہدایت پر تھانے میونسپل کارپوریشن کے تمام اسکولوں میں آج طلبہ کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے ورتک نگر میں اسکول نمبر 44 میں طلبہ کو کتابیں تقسیم کیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈے اور تعلیمی افسر کملاکانت مہترے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
رکنِ پارلیمان نریش مہسکے نے کسن نگر میں اسکول نمبر 23 میں بچوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا بھی مادرِ علمی ہے۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ تعلیم میں محنت کریں اور اپنے اساتذہ اور والدین کا نام روشن کریں۔ بعد ازاں مہسکے نے ٹیںمبھی ناکہ پر اسکول نمبر 7 کا بھی دورہ کیا۔
رکنِ اسمبلی سنجے کیلکر نے آزاد نگر میں اسکول نمبر 55 میں طلبہ میں کتابیں اور کھانے کی اشیاء تقسیم کیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ رکنِ اسمبلی راجیش مورے نے کھڑکلی میں اسکول نمبر 89 میں پھولوں کی پتیاں اور کتابیں تقسیم کرتے ہوئے بچوں کو خوشحال مستقبل کی دعا دی۔
میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ افسران نے 100 اسکولوں کا معائنہ کیا اور "گود لیے گئے اسکول" منصوبے کے تحت طلبہ کا خیرمقدم کیا۔ ایڈیشنل کمشنر (1) سندیپ مالوی نے کلوا اور کسن نگر کے اسکولوں میں طلبہ سے ملاقات کی، جبکہ ایڈیشنل کمشنر (2) پرشانت روڈے نے گیان سادھنا اسکول میں طلبہ سے ملاقات کی۔ دیگر افسران، انجینئرز اور ڈپٹی کمشنروں نے بھی مختلف اسکولوں میں طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی "سبز تھانے" مہم کے تحت اسکولوں میں پودا لگانے کی تقاریب بھی منعقد ہوئیں۔ اس مہم کے تحت شری رنگ ودھیالیہ، اے جے ٹھاکر اسکول، سلوچنا دیوی سنگھانیا اسکول، سخیپا اسکول، پان کھنڈا اور گھولائی نگر واٹر ٹینک سمیت مختلف اسکولوں میں طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگا کر ماحول دوست عزم کا اظہار کیا۔