NCP-SP Urdu News 10 Jan. 26

پونے میونسپل کارپوریشن کے لیے دونوں این سی پی کا مشترکہ انتخابی منشور جاری

پانی، ٹریفک اور صفائی کے مسائل حل کریں گے، ارادہ مضبوط ہو تو تبدیلی ممکن ہے: سپریا سُلے

پونے: پونے کے شہری مسائل کی مکمل سمجھ اور ان کے حل کے لیے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس شرد چندر پوار کی قومی کارگزار صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سپریا سُلے نے کہا ہے کہ پونے کی ترقی کو پھر سے رفتار دینے کے لیے ایک جامع اور ذمہ دارانہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پونے میونسپل کارپوریشن کے پس منظر میں نیشنلسٹ کانگریس (شرد چندر پوار) اور نیشنلسٹ کانگریس کا مشترکہ منشور آج میڈیا کے سامنے جاری کیا گیا، اس موقع پر سپریا سُلے نے صحافیوں سے گفتگو کی۔

پونے میونسپل کارپوریشن کی پانچ سالہ انتخابات کے تناظر میں منعقدہ منشور اجرا کی تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی موجود تھے۔ ’آٹھ نکاتی ترقی، ہمہ جہت قیادت‘ کے عنوان سے جاری اس منشور میں پونے کی مجموعی ترقی کی ضمانت دی گئی ہے۔ تقریب میں رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر امول کولہے، رکنِ اسمبلی چیتن توپا، سابق رکنِ اسمبلی سنیل ٹِنگرے، سُبھاش جگتاپ، شری کانت پاٹل، وشال تانبے، راج لکشمی بھوسلے، پرکاش ماسکے، سواتی پوکھلے، وجے کولتے، دیپک مانکر، منالی بھیلارے سمیت اتحاد کے عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔

مشترکہ منشور کے مطابق شہر کے تمام علاقوں میں نل کے ذریعے روزانہ پانی کی فراہمی، ٹریفک جام اور گڑھوں سے پاک پونے، نئے شامل شدہ دیہات میں شہری معیار کے مطابق سڑکوں کی تعمیر، باقاعدہ صفائی اور سیوریج مینجمنٹ، معیاری مگر کم خرچ میں طبی سہولتیں، ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ آلودگی سے پاک پونے، جھونپڑپٹی بازآبادکاری اور پرانی عمارتوں کی ری ڈیولپمنٹ، اعلیٰ تعلیم کے لیے ’پونے ماڈل اسکول‘ کا قیام، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے طلبہ کو مفت ٹیبلٹس کی فراہمی شامل ہیں۔ اتحاد نے ان تمام وعدوں پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے اور یقین ظاہر کیا ہے کہ پونے کے عوام اس ترقی پسند ایجنڈے کی حمایت کریں گے۔

پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے سپریا سُلے نے کہا کہ ٹینکر مافیا کا تجربہ انہیں خود بھی ہے اور شہر میں رہتے ہوئے پانی کے لیے جدوجہد کرنا پڑتا ہے، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولت کے لیے پریشان نہ ہونا پڑے۔ میٹرو کے حوالے سے سپریا سُلے نے کہا کہ اس منصوبے کا حقیقی فائدہ آخری کنیکٹیوٹی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آتا ہے، اس لیے ہر میٹرو اسٹیشن کا پوری صلاحیت کے ساتھ فعال ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے ٹریفک جام کے مسئلے کو سنگین تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سے تین برسوں میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کر کے دکھائیں گے۔

سپریا سُلے نے مزید کہا کہ شہر کے بڑھتے اخراجات کم کرنے کے لیے شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، کیونکہ سولر منصوبوں سے بجلی کے خرچ میں کمی اور ماحول کو فائدہ پہنچتا ہے۔ سپریا سُلے نے کہا کہ پونے کو صاف، خوبصورت اور جرائم سے پاک بنانا اتحاد کی ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کئی کام پہلے بھی کر کے دکھائے جا چکے ہیں اور کئی منصوبے پہلے ہی جاری ہیں۔ انہوں نے پونے کے عوام سے اپیل کی کہ گھڑی–توتاری کے نشان پر ووٹ دیں، کیونکہ ’ہم جو کہتے ہیں، وہ کر کے دکھاتے ہیں‘۔

NCP-SP Urdu News 10 Jan. 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading