دن کے اوقات میں ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر امتناع کرنے مجلس کامطالبہ
ناندیڑ: 11اکتوبر(راست) کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے ناندیڑ ضلع صدر جناب فیروز لالہ نے آج مقامی مجلسی قائدین و ذمہ داران کے ہمراہ ضلع انتظامیہ سے ملاقات کی اور اپنی پچھلی یادداشتوں کے حوالہ سے مطالبہ کیا کہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں صبح چھ بجے سے شب دس بجے کے دوران ہیوی ٹریفک کی شہر میں داخلہ کو بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ آفیسر اور سٹی ٹریفک برانچ کی لاپرواہی کے باعث شہر کے اہم راستوں اور چوکس میں ٹراویلس ڈرائیورس اپنی مسافر بردار گاڑیاں کھڑی کررہے ہیں۔ جس سے شہری ٹریفک نظام درہم برہم ہورہا ہے۔ عام افراد کو اس سے کافی تکلیف اٹھانی پڑرہی ہے۔ اسی طرح ایمبولنس گاڑیوں کو بھی آمدورفت میں تکالیف ہورہی ہے۔ جناب فیروز لالہ نے مزید کہا کہ شہر کے ٹراویلس مالکان تہواروںکے موقع پر منمانے طریقے سے کرایہ وصول کرتے ہیں۔ بالخصوص پونے کے سفر کے لئے 1500 تا 2000 روپئے فی کس وصول کئے جاتے ہیں۔ مجلسی ضلع صدر فیروز لالہ نے کہا کہ ضلع کلکٹر شخصی طور پر اس امر کی طرف توجہ دیں اور 30اکتوبر تک شہرکے ٹراویلس مالکان کو حکم جاری کریں کہ وہ شرح کرایہ کو متعین کریں اور صبح 6 بجے سے شب 10 بجے کے دوران ان مسافر بردار ٹراویلس گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روک دیا جائیں۔ اس سلسلے میں آر ٹی او اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ برانچ کو مناسب ہدایتیں جاری کی جائیں۔ بصورت دیگر مطالبات کی عدم یکسوئی پر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی ناندیڑ یونٹ کی جانب سے 30اکتوبر کے بعد راستہ روکو احتجاج منظم کیا جائے گا۔ یادداشت میں اس بات پر توجہ دلائی گئی ہے کہ خالصہ ہائی اسکول کے پڑوس میں واقع لگژری بس اسٹینڈ کو شہر کے باہر منتقل کرنے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں۔ یادداشت کی نقولات ضلع ایس پی سب ڈویژنل پولیس آفیسر ، پی آئی ٹریفک برانچ اور آر ٹی او کو بھی دی گئی ہے۔ اس موقع پر فیروز لالہ کے ہمراہ مقامی مجلسی قائدین ایڈوکیٹ مشتاق خان، سید مجیب، شکیل ماسٹر، اسمٰعیل جاوید، عبدالباسط، گجانن سرودے، سید صلاح الدین، دھن راج سوامی، محمد خان، سید ابرار لالہ، اویس خان، عامر خان، محمد اختر، محمد دستگیر، منگیش لونے، معین شیخ، نتن، بشیر لالہ وغیرہ موجود تھے۔