ناندیڑ: 11اکتوبر(راست) ان دنوں شہر میں بجلی تقسیم کمپنی کی جانب سے کوئلہ کی کمی کا شاخسانہ دکھاکر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ بالخصوص دلت۔ مسلم غالب آبادی والے علاقوں میں اس لوڈشیڈنگ کا عذاب ڈھایا جارہا ہے۔ مجلس کے ناندیڑ ضلع صدر فیروز لالہ نے اس پر شدید برہمی ظاہر کی اور آج مجلس کے مقامی قائدین، ذمہ داران اور کارکنان کے ہمراہ چیف انجینئر بجلی تقسیم کمپنی سے نمائندگی کی۔ اپنے محضر میں فیروز لالہ رقمطراز ہیں کہ اس غیر مجاز لوڈ شیڈنگ کے باعث طلبہ، ملازمین، تاجرین، اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور عوام الناس کو بڑی تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس لوڈ شیڈنگ سے جہاں معاشی طور پر نقصان ہورہا ہے وہیں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بھی نقصانات پہنچ رہے ہیں۔ فیروز لالہ نے مطالبہ کیا کہ عوام الناس کے لئے اس سنگین مسئلہ پر خصوصی دی جائے اور غیر مجاز کی جارہی لوڈ شیڈنگ کو فوری اثر کے ساتھ منسوخ کردیا جائے۔ فیروز لالہ نے انتباہ دیا ہے کہ اگر یہ لوڈ شیڈنگ بند نہیں کی جاتی ہے تو کل ہند مجلس اتحادالمسلمین اپنے طور سے جمہوری احتجاج منظم کرے گی اور ایسی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے لئے ذمہ داری بجلی تقسیم کمپنی کے ذمہ داران پر ہوگی۔ اس موقع پر فیروز لالہ کے ہمراہ مقامی مجلسی قائدین ضلع سیکریٹری ایڈوکیٹ مشتاق خان، ضلع جنرل سیکریٹری سید مجیب، شکیل ماسٹر، اسمٰعیل جاوید، عبدالباسط، گجانن سرودے، سید صلاح الدین، دھن راج سوامی، محمد خان، سید ابرار لالہ، اویس خان، عامر خان، محمد اختر، محمد دستگیر، منگیش لونے، معین شیخ، نتن، بشیر لالہ وغیرہ موجود تھے۔