ناندیڑ۔4اکتوبر(نامہ نگار) : ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ چوراستہ پر قریشیہ ہوٹل کے سامنے 29ستمبر کی رات تقریبا ساڑھے آٹھ بجے ایک نوجوان پر اُس کے ہی خسر اور دوبرادر نسبتی(سالوں) نے حملہ کرکے اُسے زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لیبر کالونی کے ساکن مقتدر الدین منیر الدین (۳۳ سال) ےہ دیگلور ناکہ چوراستہ پر اپنے ماموں سیف الدین سے ملاقات کرنے کے لئے پہنچے تھے۔ قریشیہ ہوٹل کے سامنے اپنی موٹر سائیکل کھڑی کرکے ٹھہرے ہوئے تھے کہ اسی دوران وہاں اُن کے خسر انیس احمد خان‘ عرفان احمد خان ‘ عاطف احمد خان(دونو ںسالے ) ساکنان عمر کھیڑ ضلع ایوت محل وہاںپہنچے۔ اُن لوگوں نے کہا کہ تو اپنی بیوی کو طلاق کیوں نہیں دے رہا ہے ہمیں شادی کا خرچ15 لاکھ روپیئے دے نہیں تو ہم تجھے مار ڈالیں گے۔ ےہ کہہ کر عرفان نے اپنے پاس کا خنجر نکال کر مقتدر الدین کے سر پر وار کیا جب کہ عاطف خان نے مقتدر الدین کے ساتھ بے تحاشہ مار پیٹ جس میں وہ بری طرح زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کی ریکارڈنگ سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اتوارہ پولس کی ٹیم بھاری جمعیت کے ساتھ وہاں پہنچی اور انہوں نے زخمی مقتدر الدین کو سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ بعد میں انہیں شہر کے ایک خانگی دواخانہ میں آئی سی یو میں شریک کردیا گیا۔ اُن کے سرپر خنجر کا مار اور ناک کی ہڈی میں فریکچر آیا اور جسم پر بھی مار کے کئی نشانات پائے گئے۔ مقتدر الدین کی شکایت پر اتوارہ پولس اسٹیشن میں ملزم انیس احمد خان‘ عرفان احمد خان‘ عاطف احمد خان ساکنان عمر کھیڑ کے خلاف دفعہ323‘ 324’ 325‘ 504‘ 506‘ 34 اور آرمس ایکٹ کی دفعہ4‘25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولس نے عمر کھیڑ سے ایک ملزم عرفان احمد خان کو گرفتار کرکے لائی تھی ہے جب کہ دوسرے ملزمین فرار ہوچکے ہیں۔ ملزم عرفان خان کو ناندیڑ عدالت میں پیش کیا گیا۔پولس نے پی سی آر کا مطالبہ کیا تھا مگر جج نے ایم سی آر کرتے ہوے ضمانت پر رہا کردیا۔معاملہ کی تحقیقات اتوارہ پولس اسٹیشن کے پی ایس آئی دشرتھ آڑے کررہے ہیں۔