ناندیڑ میں کومبنگ آپریشن؛ 11 دن میں 134 سے زائد افراد پر ایکشن

**ناندیڑ (نمائندہ):شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم، خصوصاً چوری اور جسمانی نوعیت کے واقعات پر قابو پانے کے لیے پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ *اویناش کمار* کی قیادت میں “آپریشن پش آؤٹ” کے تحت 22 اپریل کی رات 11 بجے سے 23 اپریل کی صبح 3 بجے تک شہر کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر کومبنگ آپریشن انجام دیا گیا۔اس آپریشن میں ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ، مختلف سب ڈویژنل پولیس افسران (ناندیڑ شہر، اتوارہ، دیگلور اور ناندیڑ دیہی)، لوکل کرائم برانچ کے اہلکاروں کے علاوہ شہر کے تمام پولیس تھانوں کے افسران و عملے نے بھرپور حصہ لیا۔


کارروائی کی تفصیل:پولیس نے اس کومبنگ آپریشن کے دوران مختلف زمروں میں آنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی، جن میں جائیداد اور جسم کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد، جلاوطن (تڑی پار) ملزمان، ہسٹری شیٹر اور عادی مجرمین کے ساتھ ساتھ مفرور و مطلوب افراد شامل ہیں۔ اس دوران بڑی تعداد میں مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی اور ان کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اہم اعداد و شمار:کارروائی کے دوران مختلف دفعات کے تحت درجنوں مقدمات درج کیے گئے، جبکہ آرمس ایکٹ کے تحت بھی کئی مقدمات (دفعہ 4/25) قائم کیے گئے۔ اس کے علاوہ دفعہ 122 کے تحت بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ متعدد پولیس اسٹیشنوں کی حدود سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
خصوصی مہم اور سابقہ کارروائیاں:پولیس کی جانب سے 6 اپریل تا 13 اپریل 2026 کے علاوہ 16، 19، 21 اور 22 اپریل کو بھی شہر میں ناکہ بندی اور کومبنگ آپریشن کیے گئے تھے۔ان کارروائیوں کے دوران مکوکا (MPDA) کی دفعہ 55 کے تحت 13 اور دفعہ 56/57 کے تحت 30 جلاوطن افراد کی جانچ کی گئی، جن میں سے 18 افراد شہر میں موجود پائے گئے۔ ان کے خلاف دفعہ 142 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

اسی طرح MPDA سے رہا شدہ اور عادی مجرموں میں سے 107 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 93 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ دفعہ 110/117 کے تحت 14 افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں آئی۔مہاراشٹر جوا قانون کی دفعہ 12(الف) کے تحت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے 4 لاکھ 72 ہزار 950 روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔
پولیس کا مؤقف:پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے واضح کیا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے اس نوعیت کے آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading