باندرہ ریکلیمیشن میں ایم ایس آر ڈی سی کی 24 ایکڑ قیمتی زمین غیر قانونی طور پر اڈانی کو دے دی گئی
ایم ایس آر ڈی سی کا دفتر دادَر میں 2 کروڑ 15 لاکھ ماہانہ کرایے پر: ورشا گائیکواڑ
ممبئی: ممبئی کانگریس کی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہا ہے کہ دیویندر فڈنویس کی حکومت دہلی کے اشاروں پر ممبئی کی قیمتی اور اسٹریٹجک زمینیں پسندیدہ صنعت کار اڈانی گروپ کے حوالے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈہ، دھاراوی، دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ، موتی لال نگر، ایئر انڈیا کالونی، مدر ڈیری اور نمک کی زمینوں کے بعد اب باندرہ ریکلیمیشن میں واقع ایم ایس آر ڈی سی کی 24 ایکڑ زمین بھی ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر اڈانی کو سونپ دی گئی ہے۔
پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے بتایا کہ ایم ایس آر ڈی سی نے اپنی ہی ملکیت کی زمین اڈانی کے حوالے کر کے اپنا دفتر دادَر کے کوہِ نور اسکوائر میں منتقل کیا ہے، جہاں ادارے کو ماہانہ تقریباً 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ باندرہ ورلی سی لنک کے قریب واقع 24 ایکڑ زمین، جس کی مارکیٹ ویلیو اندازاً 8 ہزار کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، محض ایک بورڈ میٹنگ کے ذریعے کیسے منتقل کی جا سکتی ہے، جبکہ یہ زمین صرف ایم ایس آر ڈی سی کے اختیار میں بھی نہیں آتی۔ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ اس فیصلے کو کابینہ میں کیوں نہیں لایا گیا اور اڈانی کو زمین دینے میں ایسی عجلت کیوں دکھائی گئی۔
ورشا گائیکواڑ نے الزام لگایا کہ اڈانی کے فائدے کے لیے ٹی ڈی آر کے نئے قواعد گھڑے جا رہے ہیں اور زمینیں اونے پونے داموں دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک ممبئی میں 3 سے 4 ہزار ایکڑ زمین اڈانی کے حوالے کی جا چکی ہے اور باندرہ ریکلیمیشن کے اس سودے میں متعدد قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہوئی ہے، جسے وہ جلد ثبوتوں کے ساتھ عوام کے سامنے لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ممبئی کو عملی طور پر فروخت کے لیے رکھ دیا ہے اور وہ بھی ایک ہی صنعت کار کو، انتہائی کم قیمت پر۔ یہ ممبئی کے ’اڈانیکرن‘ کی منظم سازش ہے۔ عوام کی توجہ اس سنگین مسئلے سے ہٹانے کے لیے جان بوجھ کر ذات اور مذہب کے تنازعات کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرین اور بی ای ایس ٹی بس سروس میں بہتری کے بجائے 3 لاکھ کروڑ روپے کی احمدآباد–ممبئی بلیٹ ٹرین آخر کس کے لیے اور کیوں مسلط کی جا رہی ہے؟ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی ملک کی مالی راجدھانی ہے اور اس کی اہمیت کم کرنے کی دانستہ کوششیں ہو رہی ہیں، جنہیں کانگریس بے نقاب کرے گی۔ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت بھی موجود تھے۔
MRCC Urdu News 10 January 26.docx