راہل گاندھی ملک کی تاریخ وجغرافیہ دونوں جانتے ہیں، مطالعے کی ضرورت فڈنویس کو ہے
ممبئی:کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران کرناٹک میں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے آرایس ایس اور ساورکر کے بارے میں دئے گئے بیانات پر بی جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو ہنگامہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے ساورکر اور آر ایس ایس کے بارے میں جو صحیح ہے وہی کہا ہے۔
ساورکر اور آر ایس ایس نے ملک کی تحریکِ آزادی کوئی تعاون نہیں کیا تھا۔ اس بات کے بہت سے شواہد موجود ہیں کہ ساورکر کو انگریزوں سے پنشن مل رہی تھی۔راہل گاندھی کے بیان پراگر فڈنویس کو اعتراض ہے تو انہیں بتانا چاہئے کہ ساورکر کو انگریزوں سے پنشن کیوں مل رہی تھی؟
نانا پٹولے نے کہا کہ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں مذہب اور خطے کو بھول کر پورا ملک کانگریس کے جھنڈے تلے متحد ہواتھا۔ اس جدوجہد میں آرایس ایس اور ساورکر کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ اس کے برعکس جدوجہد آزادی میں ساورکر اور آر ایس ایس کا کردار انگریزوں کا ساتھ دینے کا تھا۔اس وقت آرایس ایس کہاں تھی، جب انگریزوں کے خلاف’ہندوستان چھوڑو‘ تحریک کی بازگشت پورے ملک میں سنائی دے رہی تھی۔
جب نیتا جی سبھاش چندر بوس نے برطانوی اقتدار کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے کے لیے آزاد ہند سینا تشکیل دی، ساورکر نوجوانوں کو برطانوی فوج میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے تھے۔ ساورکر کے ساتھ 149 مجاہدینِ آزادی کو بھی کالا پانی کی سزا دی گئی تھی،لیکن انگریزوں نے صرف ساورکر کے ہی سزا کو معاف کیا۔ یہ تاریخی سچائی ہے۔
پنڈت جواہر لال نہرو کو بھی 11 سال کی جیل ہوئی تھی۔ لوک مانیہ تلک، مہاتما گاندھی اور لاکھوں مجاہدینِ آزادی کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ ہزاروں مجاہدینِ آزادی نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ نانا پٹولے نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ ’نئے تاریخ داں‘’ فڈنویس کو معلوم ہونا چاہیے کہ تقسیم ہند کا بیج ساورکر کے پیش کردہ دو قومی نظریہ میں پنہاں ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کا ناکافی معلومات فراہم کرکے لوگوں کو گمراہ کرنا اور تقسیم کرنا ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی حکومت نے اسکول کی کتابوں میں یہ جھوٹ درج کرایا کہ ساورکر بلبل پر سوار ہوکر ہندوستان آیا کرتے تھے جبکہ اس دوران وہ انڈمان کی سیلولر جیل میں بند تھے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کو کیرالا، تمل ناڈو، کرناٹک میں لوگوں کی طرف سے زبردست رسپانس مل رہا ہے، جس سے بی جے پی گھبرا گئی ہے۔
اسی لیے بی جے پی راہل گاندھی اور بھارت جوڑو یاترا پر تنقید کرنے میں جٹ گئی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں شروع کی گئی یاترا بھارت کو متحد کرنے کے لیے ہے، جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کو توڑنے کا کام کر رہی ہے۔ اس لیے فڈنویس کو ’بھارت جوڑو‘ کی جگہ پر توڑو جیسے لفظ کا استعمال کرنا درست نہیں ہے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ راہل گاندھی نے ساورکر اور آر ایس ایس کے بارے میں جو بیان دیا ہے وہ پوری طرح سے درست ہے۔اس لیے فڈنویس کو ناراض ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔