اندراج سے لے کر ویکسی نیشن تک پورے مرحلے میں شہریوں کی مدد کریں: ناناپٹولے کانگریس کے ریاستی صدر نے ودربھ میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا
ممبئی:ریاست بھر میں کانگریس کی تمام ضلعی اکائیوں وریاستی کانگریس کمیٹی کے دفاتر میں شروع کیے گیے کوویڈ ہیلپ سنٹر کے ذریعے شہریوں کی بھرپور مدد کی جارہی ہے جس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔اسی کے ساتھ کورونا کی ویکسین کے لیے اندراج سے لے کر ویکسی نیشن تک پورے مرحلے میں کانگریس کے کارکنان وعہدیداران شہریوں کی مدد کریں۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے ودربھ میں کورونا کی صورت حال کے جائزے کے لیے منعقدآن لائن میٹنگ میں خطاب کے دوران کی ہے۔
ناناپٹولے نے اس میٹنگ میں ناگپوروامراؤتی ڈویویژن کے کانگریس کے ضلعی صدور سے تبادلہئ خیال کرتے ہوئے ودربھ میں کورونا کی صورت حال اور کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری امدادی کاموں نیز اضلاع میں کورونا مریضوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر مملکت برائے توانائی و ناگپورکے سرپرست وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، امراؤتی کی سرپرست اور خواتین و اطفال کی فلاح وبہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکر،ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر چندرکانت ہینڈورے، ایم ایل اے کنال پاٹل، ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ایم ایل اے سبھاش دھوٹے،ایم ایل اے ابھیجت ونجاری، ایم ایل اے وجاہت مرزا،ایم ایل اے سلبھا کھوڈکے،ایم ایل اے امت جھنک سمیت تمام ضلعی کانگریس کمیٹیوں کے صدور، او بی سی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی صدر پرمود مورے، ڈاکٹر سنجے لاکھے پاٹل، دیوانند پوار وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پر نانا پٹولے نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر نے پورے ملک کو متاثر کیا ہے۔ مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے۔ پورے ملک میں آکسیجن، طبی سازوسامان،نیز دواؤں و انجیکشن کی کمی ہے۔ ریاست مہاراشٹر بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے صورتحال مزید نازک ہوگئی ہے۔ایسی صورت میں ضروری ہے کہ کانگریس کے قائدین،عہدیداران اور کارکنان انتظامیہ کے افسران رابطے میں رہتے ہوئے لوگوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپوں کا انعقاد کیا گیا تھا جسے عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ہمیں ضرورت کے مطابق کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہئے۔دیہاتوں میں جاکر ویکسینیشن کے لئے لوگوں کا اندراج کریں اور جب تک ان کا ویکسینیشن نہیں ہوجاتا ہے پورے مرحلے میں ان کی مدد کریں۔