کانگریس کی ریاست گیر نیز آن لائن احتجاج کو عوام وطلبہ کا زبردست تعاون
ممبئی: ملک بھر میں کورونا کی وبا قیامت برپا کیے ہوئے ہے، لیکن مودی حکومت کسی بات کی فکر کیے بغیر جے ای ای ونیٹ امتحانات کے انعقاد پربضد ہے۔ ان امتحانات میں ملک بھر سے تقریبا 24لاکھ 50ہزار طلبہ نے حصہ لیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کی زندگیوں کو داؤ پر لگاکر امتحانات کیوں لیے جارہے ہیں؟ طلبہ کا تحفظ ان امتحانات سے زیادہ اہم ہیں، اس لیے یہ امتحانات کچھ عرصہ کے لیے ملتوی کیے جائیں۔ یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر کانگریس کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کیا ہے۔
جے ای ای ونیٹ امتحانات امتحانات کے انعقادطئے شدہ پروگرام کے مطابق کرنے پر مرکزی حکومت کے بضد ہونے کے خلاف آج کانگریس کے ریاستی صدر بالاصاحب تھورات کی قیادت میں ممبئی میں احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر ایکناتھ گائیکواڑ، ایم ایل اے ذیشان صدیقی، سابق وزیر چندرکانت ہنڈورے، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری موہن جوشی، سابق ایم ایل اے چرن سنگھ سپرا، یشونت ہاپے، راجارام دیشمکھ اور سوسی بین شاہ وغیرہ عہدیداران موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بالاصاحب تھورات نے کہا کہ مرکزی حکومت طلبہ، ان کے والدین نیز انتظامیہ کی باتوں پر بھی توجہ دے۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے مزید حفاظتی ذرائع اختیار کرنے پڑیں گے۔ ایک جانب کورونا کا بحران تودوسری جانب آسام و بہار جیسی ریاستیں سیلاب کے قہرسے جوجھ رہی ہیں۔ بیشتر ریاستوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے آمد ورفت کے عوامی ذرائع ٹھپ ہیں۔ بسیں وٹرینیں بھی بند ہیں۔ ایسی صورت میں طلباء امتحان دینے کے لیے امتحانات کے مراکز پر کیسے پہونچ سکتے ہیں؟اس کے علاوہ اتنی بڑی تعداد میں جب طلبہ یکجا ہونگے تو کیا کورونا کے پھیلنے کے امکان سے انکار کیا جاسکتا ہے؟ایسی صورت حال میں امتحانات کا انعقادکس قدر مناسب ہے؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی حکومت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑتے ہوئے ان لاکھوں طلبہ،ان کے والدین کے بارے میں غور کرے اور کچھ عرصے کے لیے امتحانات کوملتوی کردے۔
بالاصاحب تھورات نے مزیدکہا کہ مرکزی وزیرتعلیم پوکھریال کا یہ بیان کہ طلبہ وان کے والدین امتحانات کے انعقاد کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، سراسر جھوٹ ہے۔ امتحان کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ طلبہ امتحان دینے کے لیے تیارہ ہیں۔ پوکھریال کا یہ دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وزیرتعلیم کو صورت حال کی نزاکت کا صحیح اندازہ نہیں ہے۔ طلبہ کی صحت وتحفظ کا لحاظ کرنا انتہائی ضروری ہے۔
کانگریس کے اس ریاست گیر احتجاج کو طلبہ وان کے والدین نے زبردست تعاون دیا۔ جے ای ای ونیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کے لیے #SpeakUpForStudentSefteyکے ہیش ٹیگ سے چلائی گی مہم کو بھی لوگوں نے زبردست تعاون دیا ہے۔
