پرکاش امبیڈکر کی تجویز پر کانگریس ایک قدم آگے، پوار اور ٹھاکرے امبیڈکر کی تجویز منظور کریں

مہاوکاس اگھاڑی کی دو سیٹوں کا تنازعہ بات چیت سے حل ہوگا، سانگلی اور بھیونڈی کانگریس کی روایتی سیٹیں ہیں

کانگریس کے وکاس ٹھاکرے نے ناگپور سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا، ٹھاکرے ڈھائی لاکھ ووٹوں سے جیتیں گے

فلم ’ہائی وے مین‘ کی طرح گڈکری بھی الیکشن میں فلاپ ہوں گے، ملک کو گاندھی کے نظریات کی ضرورت ہے

ناگپور/ممبئی:.مہاوکاس اگھاڑی کی سیٹوں کی تقسیم میں دو سیٹوں پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوپایا ہے۔ اگھاڑی میں شامل تمام پارٹیوں کو اتحاد کے روایت کی پاسداری کرنی چاہئے۔ سانگلی اور بھیونڈی کانگریس کی روایتی سیٹیں ہیں اور ان سیٹوں کے لیے کانگریس پارٹی کے پاس اچھے امیدوار ہیں۔ سانگلی میں جو ہوا وہ ٹھیک نہیں ہوا۔ ونچیت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر کی تجویز پر کانگریس نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ اب این سی پی شرد چندر پوار اور شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کو بھی اس تجویز کو منظور کرنا چاہئے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہیں ہیں۔

ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانا ہم سب کا کام ہے۔ یہ الیکشن ملک بچانے کے لیے ہے۔ ہم سب کا اولین مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے اور اس لوک سبھا انتخاب میں مہاوکاس اگھاڑی بی جے پی کو شکست دے گی۔ پٹولے نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں بی جے پی نے جھوٹے وعدے کرکے ملک کو برباد کیا ہے، جس کا اصل مرکز ناگپور ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری آسمان کو چھو رہی ہے جس کی وجہ سے کسان تباہ ہو رہے ہیں۔ ملک پر قرضہ جات کا بہت بڑا پہاڑ کھڑا ہو گیا ہے۔ناناپٹولے نے کہا کہ مودی حکومت کے خلاف لوگوں میں کافی زبردست ناراضگی ہے اور لوگوں کا یہ رجحان ہے کہ اس الیکشن میں مودی حکومت کو سبق سکھایا جائے گا۔

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ناگپور میں بی جے پی کا امیدوار کون ہے۔ یہ نظریات کی جنگ ہے۔ فلم ’ہائی وے مین‘ فلاپ ہوئی، مودی پر بنی فلم بھی فلاپ ہوئی لیکن فلم منا بھائی ایم بی بی ایس سپر ہٹ رہی۔ آج لوگوں کو گاندھیائی نظریات کی ضرورت ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ ناگپور کو ترقی کے نام پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ اصل میں ترقی کس نے کی؟ میہان کہاں گیا؟ ان وعدوں کا کیا ہوا کہ کارگو طیارے اتریں گے اور کسانوں کو فائدہ ہوگا؟ ناگپور شہر میں سیمنٹ کی سڑکیں بنائی گئی ہیں، ایک تو پہلے ہی ناگپور میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہے اور اب سیمنٹ کی سڑکوں کی وجہ سے اس میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس الیکشن میں مقامی مسائل کے ساتھ ساتھ قومی مسائل پر بھی زور دیا جائے گا۔ نانا پٹولے نے یہ کہتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی متحد ہے یہ یقین ظاہر کیا کہ کانگریس اور مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار ناگپور سے 2.5 لاکھ ووٹوں سے جیتیں گے۔

مہاوکاس اگھاڑی کے وکاس ٹھاکرے کے نامزدگی فارم داخل کرنے سے پہلے صبح ورائٹی چوک پر گاندھی مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔ وکاس ٹھاکرے کی پرچۂ نامزدگی داخل کرتے وقت ریاستی صدر نانا پٹولے، اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر سابق وزیر انل دیشمکھ، سابق وزیر سنیل کیدار، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، سابق وزیر ستیش چترویدی، سابق وزیر انیس احمد، ابھیجیت ونجاری، ریاستی نائب صدر نانا گاوندے، ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری رام کرشن اوجھا، پرفل گڈگھے اور مہاوکاس اگھاڑی کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔