2014 سے ملک میں ایمرجنسی، جمہوریت کے نام پر تاناشاہی

  • بی جے پی کے ذریعے پارٹیوں کو توڑنے اور اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتوں کو گرانے کے لیے تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال
  • مہنگائی وبیرزگاری سمیت لوگوں کے بنیاد ی مسائل کو حل کنے میں مرکزی حکومت مکمل طور پر ناکام

ممبئی:ملک میں آج تک جتنی بھی حکومتیں بنیں وہ جمہوریت اور آئین کے اصولوں پر کام کر رہی تھیں لیکن سال 2014 سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد پورا ماحول تبدیل ہو گیا ہے۔ ملک میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جمہوریت کے نام پر حکومت آمرانہ انداز میں کام کر رہی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت پر یہ تنقید مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے کیا ہے۔

احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اپوزیشن پارٹیوں کی ریاستی حکومتوں کو گرانے اور پارٹیوں کو توڑنے کے لیے ای ڈی، سی بی آئی اورانکم ٹیکس جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی انگریزوں کی طرح تقسیم کرو اور راج کرو کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی ان لیڈروں یا سیاسی پارٹیوں کے خلاف ہو رہی ہے جو بی جے پی کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔پٹولے نے کہا کہ بی جے پی ملک میں اپوزیشن کو ختم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ بدھ کو دہلی میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور وزیرمنیش سسودیا اور بہار میں راشٹریہ جنتا دل کے ایم ایل اے کے گھروں پر سی بی آئی کے چھاپے نے سے یہ سبب واضح ہوگیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بہار میں اقتدار کھونے کے بعد بی جے پی اب انتقامی کارروائی کے طور پر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنا رہی ہے اوردوسری جانب بی جے پی کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی ملک میں انگریزوں سے زیادہ سفاکانہ انداز میں کام کر رہی ہے۔بی جے پی عوام سے کئے گئے وعدے کو بھول گئی ہے۔بی جے پی اس وعدے کے ساتھ مرکز میں برسرِ اقتدار آئی تھی کہ وہ مہنگائی کو کم کرنے کے علاوہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرے گی۔ اس کے علاوہ ہر سال 2 کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے اور بیرون ملک سے کالا دھن واپس لانے کی بات بھی کہی گئی، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد سے مودی حکومت صرف چند صنعت کاروں کے لیے کام کر رہی ہے۔ عوام کے مفادات کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ کسانوں اور مزدوروں کے مسائل بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں لیکن مرکزی حکومت انہیں حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس لیے اب مذہبی مسائل کو ہوا دی جارہی ہے، پٹولے نے کہا کہ اب لوگ بی جے پی سے مایوس ہوچکے ہیں اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھائے بغیر نہیں رہیں گے۔