24؍ اگست: ( پریس ریلیز ) جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے حیدرآباد کے گوشہ محل سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے ٹھاکر راجہ سنگھ کے ذریعہ اہانت رسول ﷺ کے ارتکاب کو انتہائی شرمناک اور افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ راجہ ٹھاکر نے حضورﷺ کی شان میں گستاخی کرکے ناقابل معافی جرم کا ار تکاب کیا ہےاس لئے اس گستاخ کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ کوئی دوسرا شخص اس قسم کی جرأت نہ کر سکے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس گئے گذرے دور میں کوئی بھی مسلمان چاہے وہ کہیں کا ہو کسی بھی زبان و علاقے کا کتنا گناہ گار کیوں نہ ہو وہ سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضور ﷺکی شان میں گستاخی کو ہر گز یہ برداشت نہیں کر سکتا، راجہ سنگھ نے نبیﷺ کی شان میں گستاخی کرکے
مسلمانوں کے جذبات و احسات کو مجروح کیا ہے اس لئے صرف اس کی گرفتاری کافی نہیں ہے بلکہ ضروری ہے کہ ایسے مجرم کو قرار واقعی سزاء دی جائے تاکہ گستاخی کرنے والے دیگر لوگوں پر بھی لگام لگ سکے ۔مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا ہمیشہ سےیہ مطالبہ رہا ہے کہ تمام پیشوایان مذہب کی حرمت و عظمت کی حفاظت کے لیے ایک قانون وضع کیا جائے جس سے اس قسم کی فتنہ انگیزیوں کا سد باب ہو سکے۔
ہم مرکزی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صورت حال کی نزاکت کو سمجھے اور اس سلسلے میں سخت اقدام سے باز نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے سپریم کورٹ میں بھی ایک عرضی داخل کر رکھی ہے کہ سپریم کورٹ اپنی جاری کردہ گائیڈ لائن پرعمل در آمد کرنےکے لیے سرکاروں مجبور کرے۔ریاست تلنگانہ میں جمعیۃ علماء اور دوسری تنظمیںگستاخی کے معاملہ کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں اور ضلع ؍ شہر تعلقوں میں ایف آئی ۔آر درج کرارہی ہیں اور قانونی چارہ جوئی کر رہی ہیں۔
مولانا ندیم صدیقی نے مہا راشٹر کےلوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے اور صبر وثبات کی تلقین کی ہے، اور اپیل کی ہے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں ، شر پسند عناصر جان بوجھ کر اس قسم کی نازیبا حرکتیں کرکے مسلمانوں کو مشتعل کرکے روڈوں پر
نکالنا چاہ رہے ہیں اور پھر اس کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں اس لئے مسلمان ان کی سازشوں سے ہو شیار رہیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے گستاخ رسول کے خلاف قانونی کاروائی کریں ،اللہ تعالی ایسے گستاخ لوگوں کو ذلیل و رسوا کرے گا ۔