MPCC Urdu News 23 May 21

بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں میں بھی مودی ماڈل مکمل طور پر فلاپ ہوچکا ہے: اننت گاڈگل

ممبئی: کورونا کے بحران سے نمٹنے کے لیے گجرات کے رزیراقتدارریاستوں میں مودی ماڈل اپنائے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے قومی پینل کے ترجمان اننت گاڈگل نے کہا ہے کہ مودی ماڈل پورے ملک میں تو ناکام ہوہی چکا ہے، اب یہ بی جے پی کے زیراقتدارریاستوں میں بھی مکمل طور پر فلاپ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 2014کے عام انتخابات میں بی جے پی نے ’گجرات ماڈل‘ کا ڈنکا بجاتے ہوئے ملک کے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ اسی گجرات میں کورونا کی دوسری لہر کے تئیں غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر نہ صرف مقامی میڈیا نے حقیقی صورت حال کو بے نقاب کیا بلکہ گجرات کے ہائی کورٹ نے بھی اپنی ناراضگی جتاتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جس کی وجہ سے گجرات کا فلاپ ماڈل اب پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔

اننت گاڈگل نے مزید کہا کہ اترپردیش میں ایک جانب ایک ہی میدان میں اجتماعی طور پر سیکڑوں لاشوں کے انتم سنسکار کی تصویریں غیرملکی میڈیا نے شائع کی ہیں تو دوسری جانب گنگا میں لاشیں بہانے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا میں آئیں۔ اترپردیش اب یتیموں کی ریاست بنتی جارہی ہے جس کا کوئی والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے سیکڑوں لوگوں کی موتیں ہوچکی ہیں۔ گوا کی ابتری کی حالت روزآنہ کسی نہ کسی طور پر سامنے آرہی ہے۔ کرناٹک میں توصورت حال مزید قابو سے باہر ہوچکی ہے۔ بنگلورو شہر میں میونسپل کارپوریشن نے کل 13سمشان بھومیوں میں سے 7کو صرف کورونا سے مرنے والوں کے انتم سنسکار کے لیے مختص کردیا ہے۔ مختصر یہ کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اگر بی جے پی کی اقتدار والی ریاستوں کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح طور پر سامنے آتی ہے کہ جس مودی ماڈل کی ان ریاستوں میں بات کی جاتی ہے وہ مکمل طور پر فلاپ ہوچکی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading