بلدیاتی انتخابات میں حزبِ اقتدار کی جانب سے بے تحاشا دولت کا استعمال، اتحاد کا فیصلہ مقامی قیادت کرے گی: رمیش چنیتھلا

ریاست میں قانون و امن تباہ، ’اڑتا مہاراشٹر‘ بنانے کی کوشش، بدعنوانی عروج پر: ہرش وردھن سپکال

ممبئی: ریاست میں میونسپل کونسلوں کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اور اب میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ان انتخابات کے لیے مکمل تیاری کر لی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات دراصل کارکنان کے انتخابات ہوتے ہیں، اس لیے جہاں ضرورت ہوگی وہاں انڈیا اتحاد کی ہم خیال پارٹیوں سے بات چیت کر کے اتحاد کا فیصلہ مقامی قیادت کرے گی۔

آج ممبئی کے تلک بھون میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے سلسلے میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں رمیش چنیتھلا کے ساتھ مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال، راجیہ سبھا کے رکن چندرکانت ہنڈورے، نسیم خان، گوا کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، شریک انچارج یو بی وینکٹیش، بی ایم سندیپ، کنال چودھری، ریحانہ ریاض چشتی، رکنِ اسمبلی بھائی جگتاپ، صوبائی نائب صدر (تنظیم و انتظامیہ) ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی سمیت کئی سینئر قائدین شریک تھے۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے الزام عائد کیا کہ مقامی بلدیاتی انتخابات میں اقتدار پر قابض پارٹیوں کی جانب سے بے تحاشا دولت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر بدعنوانی کے معاملے میں ملک میں سب سے آگے ہے اور بی جے پی مہایوتی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ کسانوں کے مسائل، بے روزگاری، خواتین کی سلامتی اور قانون و امن کی صورتحال پر حکومت نے مکمل طور پر توجہ ہٹا لی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ریاست کے عوام میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کو کامیابی دلائیں گے۔

اتحاد کے سوال پر جواب دیتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ ممبئی میں کانگریس آزادانہ طور پر انتخاب لڑے گی، کیونکہ یہی کارکنان کی خواہش ہے۔ ممبئی کے علاوہ دیگر علاقوں میں ہم خیال پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ مقامی سطح پر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطح کے سینئر لیڈروں کو بلدیاتی انتخابات کی علاقہ وار ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور وہ حکمتِ عملی طے کرنے اور انتخابی مہم میں سرگرم ہیں۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے حوالے سے تلک بھون میں مقامی عہدیداروں کے ساتھ حالیہ دو دنوں میں تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ ریاست کی 288 میونسپل کونسلوں میں ہوئے انتخابات اور آئندہ 28 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات پر آج تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جدوجہد نظریاتی ہے اور وہ ریاست کی بدعنوان مہایوتی حکومت کے خلاف مضبوط لڑائی لڑ رہی ہے۔ ان کے بقول مہاراشٹر میں قانون کی حکمرانی باقی نہیں رہی، ریاست کو ’اڑتا مہاراشٹر‘ بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، بدعنوانی حد سے بڑھ چکی ہے اور مہاراشٹر کو بیچنے کا کام جاری ہے۔

MPCC Urdu News 20 December 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading