ستیہ پال ملک کے الزامات نہایت سنگین، وزیر اعظم مودی جواب دیں: نانا پٹولے
کیا بی جے پی نے الیکشن جیتنے کے لیے 40 جوانوں کی قربانی کا فائدہ اٹھایا؟
آر ایس ایس کے رام مادھو نے 300 کروڑ کی پیشکش کی تھی، بی جے پی اس الزام پر کیوں خاموش ہے؟
ممبئی:بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے پلوامہ واقعہ اور 300 کروڑ روپے کی رشوت کی پیشکش کو لے کر مرکز کی مودی حکومت پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔بدعنوانی اور ملک کی سلامتی کے لحاظ سے ستیہ پال ملک کے الزامات بہت تشویشناک ہیں۔ ملک کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے وزیر اعظم مودی سے کہا کہ پلوامہ میں 40 جوانوں کی موت کی ذمہ دار حکومت ہے تو مودی نے انہیں اس معاملے پر خاموش رہنے کی نصیحت کی۔ جموں و کشمیر کے سابق گورنر نے اس طرح کے کئی سوالات اٹھائے ہیں، جن کے جوابات ملک کے عوام کو ملنے چاہئیں۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیں، تاکہ ’پلوامہ‘ واقعہ کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں سے شکوک وشبہات دور ہوسکیں۔
سابق گورنر ستیہ پال ملک نے ایک انٹرویو میں کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ستیہ ملک کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات نے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات اور الجھنیں پیدا کر دی ہیں۔بڑا سوال یہ ہے کہ پلوامہ کیس کی حقیقت بتاتے ہوئے خاموش رہنے کو کیوں کہا گیا؟ جوانوں کو نکالنے کے لیے طیارے کا مطالبہ کیوں مسترد کر دیا گیا؟ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس واقعے میں استعمال ہونے والا 300 کلوگرام RDX کہاں سے آیا؟ ان تمام سوالوں کے جواب ابھی تک نہیں ملے۔ ملک نے مودی حکومت کے کام کرنے پر بھی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ یہ الزامات ملکی سلامتی کے نقطہ نظر سے بہت سنگین ہیں۔ لوگوں کو ان تمام سوالوں کا جواب دینا ہوگا کہ کیا پلوامہ واقعہ اور 40 فوجیوں کی قربانی کو بی جے پی اور نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات جیتنے کے لیے استعمال کیا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے جنرل سکریٹری رام مادھو کی طرف سے 300 کروڑ روپے کی رشوت کا الزام بھی بہت سنگین ہے۔ ملک خود کہہ رہے ہیں کہ نریندر مودی کی ریاست میں گورنر کو 300 کروڑ کی پیشکش کی جاتی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی خود بدعنوانوں کے خلاف گرجتے ہیں اور کہتے ہیں کہ نہ میں کھاؤں گا اور نہ کھانے دوں گا۔ لیکن اب سابق گورنر کے الزامات کے بعد بی جے پی کا کوئی لیڈر اس پر ایک لفظ بھی بولنے کو تیار نہیں ہے۔ ملک کے اس الزام سے وزیر اعظم نریندر مودی پر شک کے بادل مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ ملک خود بی جے پی کے لیڈر ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ اس لیے کانگریس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے میں جلد از جلدسوالوں کا جواب دیں۔