آر ایس ایس کے سخت گیراس ملک میں نفرت پھیلا رہے ہیں: راہل گاندھی
آئین اس ملک کی بنیاد ہے، مودی کیا، کسی کو بھی آئین کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے
بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے ’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان‘ کھلی
مالیگاؤں میں بھارت جوڑو نیا ئےیاترا کا پرجوش استقبال
مالیگاؤں:بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ بھائیوں بھائیوں کے درمیان لڑائی کراتے ہیں، ایک زبان والوں کو دوسرے زبان کے لوگوں، ایک ریاست کے لوگوں کو دوسری ریاست کے لوگوں سے، ایک مذہب کے لوگوں کودوسرے مذہب کے لوگوں سے، ایک ذات کے لوگوں کو دوسری ذات کے لوگوں سے لڑواتے ہیں۔ ملک میں آر ایس ایس کے سخت گیر لوگ نفرت پھیلا رہے ہیں۔ ان نفرت کو مٹانے کے لیے ہم نے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کی ہے۔ یہ باتیں کانگریس کے لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہی ہیں۔ وہ یہاں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران ایک جلسۂ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں، غریبوں کے مسائل نہایت سنگین ہیں لیکن ان پر کوئی بات نہیں کی جاتی ہے۔ میڈیا پر بالی ووڈ اداکار، کرکٹر یا مودی ہی ظر آتے ہیں، کبھی وہ سمندر کے نیچے جاتے نظر آتے ہیں تو کبھی ہوا میں اڑتے نظر آتے ہیں۔ کووڈ میں لاکھوں لوگوں کی موت ہوگئی لیکن پی ایم مودی آپ سے تالیاں بجاؤ، تھالی بجاؤ، موبائل ٹارچ جلاؤ کہتے رہے۔ مالیگاؤں جیسے شہروں میں پاورلوم کی صنعتیں جی ایس ٹی اور مودی حکومت کے نافذ کردہ نوٹ بندی کی وجہ سے بند ہو رہی ہیں۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پاورلوم انڈسٹری تباہ ہورہی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو ہم پاورلوم کے لیے بجلی کی قیمتوںکم کریں گے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک میں چھوٹی صنعتیں بند ہوگئیں اور نوجوانوں کے ہاتھوں سے نوکریاں چلی گئیں۔ بے روزگاری، مہنگائی اورحصہ داری ملک کے تین اہم مسائل ہیں۔ کانگریس نے نوجوانوں کے لیے پانچ ضمانتیں دی ہیں کیونکہ نوجوان تعلیم لے جب باہر نکلتے ہیں تو ان کے لیے کوئی نوکری نہیں ہوتی ہے۔ راہل گاندھی نے یہ بھی وعدہ کیا کہ نوکری کی ضمانت دی جائے گی، پیپر لیک کو روکنے کے لیے سخت قانون اور لاکھ سرکاری ملازمتوں کو پر کیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئین کو ختم کرنے کی بات کرتی رہتی ہے۔چند روزقبل بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ آئندہ اقتدار میں واپس آنے کی صورت آئین کو تبدیل کردیا جائے گا۔بی جے پی نے اس رکن پارلیمنٹ کو یہ باتیں بولنے کے لیے کہا تھا۔ آئین نے آپ کو اختیار دیا ہے،آئین ملک کی بنیاد ہے، نریندر مود ی ہی کیا ملک کا کوئی بھی شخص آئین کو ختم نہیں کرسکتااور کسی کو بھی ہم آئین کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے۔بھارت جوڑو نیائے یاترا کے استقبال کے لیے لیگاؤں میں لوگوں کا ٹھاٹھیں سمندر امڈ پڑا تھا۔سب نے راہل گاندھی کے استقبال میں زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔