اشوک چوہان بزدل ہیں ، میدان چھوڑ کر بھاگ گئے,مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے انچارج رمیش چینتھلا کا سخت حملہ

ممبئی:اشوک چوہان کو کانگریس پارٹی نے دو بار وزیر اعلیٰ، ریاستی صدر، ایم پی وایم ایل اےجیسے کئی عہدے دیے۔ انہیں پارٹی کی قیادت کا موقع دیا گیا لیکن وہ اچانک بی جے پی میں شامل ہو گئے۔دراصل اشوک چوہان ڈرپوک اور بزدل ہیں، اسی لیے وہ میدان چھوڑ کر بھاگ گئے۔ انہوں نے کانگریس کی پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہوئے حکمراں محاذ سے ہاتھ ملا لیا۔ اشوک چوہان پر یہ سخت تنقید آج یہاں ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چینتھلا نے کیا ہے۔

کانگریس انچارج رمیش چنیتھلا کی موجودگی میں منگل (13فروری) کو گاندھی بھون میں کانگریس لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے، ایم ایل اے کانگریس پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، حزب اختلاف لیڈر وجے وڈیٹی وار، گوا کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر اور سابق وزیر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ، سابق وزیر یشومتی ٹھاکر، ڈاکٹر وشواجیت کدم، قبائلی کانگریس کے صدر شیواجی راؤ موگھے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری آشیش دووا، سابق ایم پی حسین دلوائی، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے اور ترجمان راجو واگھمارے سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔

میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ اگرچہ اشوک چوہان کانگریس پارٹی چھوڑ چکے ہیں لیکن مستقبل میں کوئی دوسرا لیڈر اور ایم ایل اے پارٹی نہیں چھوڑے گا۔ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کارکنوں کے ساتھ مضبوطی سے لڑتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ریاست میں چوہان کو بڑی ذمہ داریاں دیں، پھر بھی انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔ اشوک چوہان کو بتانا چاہیے کہ پارٹی نے ان کے ساتھ کیا ناانصافی کی؟ یا وہ ای ڈی، سی ای بی کے ڈر سے بھاگ گئے؟ اس کا جواب انہیں عوام کو دینا چاہیے۔ ریاستی کانگریس کے انچارج نے کہا کہ اشوک چوہان کے استعفیٰ سے کانگریس پارٹی کمزور نہیں ہوگی۔ پارٹی نظریے کے مطابق چلتی ہے۔ پارٹی چھوڑنے والوں کو لوگ قبول نہیں کرتے۔ کانگریس پارٹی زیادہ مضبوطی سے کام کرے گی اور لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

ریاستی انچارج نے کہا کہ بی جے پی نے اشوک چوہان پر بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ان پر آدرش گھوٹالہ کا الزام لگایا تھا لیکن آج وہ بی جے پی کی واشنگ مشین میں دھل گئے ہیں۔ یہ وزیر اعظم مودی ہی تھے جنہوں نے اجیت پوار پر 70 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام لگایا اور انہیں بھی اپنی حکومت میں شامل کیا ۔ مودی شاہ سے ملنے پر کیا ان کے کرپشن کے داغ مٹ جائیں گے؟ چنیتھلا نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی مضبوط ہے اور بی جے پی اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہم نے شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے سے بھی بات چیت کی ہے۔ ایم وی اے پوری طرح سے مضبوط ہے اور ہم مہاراشٹر میں زیادہ سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں جیتیں گے۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اشوک چوہان کو بہترین مواقع دیئے ۔انہیں کانگریس پارٹی کی قیادت کرنے کا موقع ملا لیکن بی جے پی میں انہیں یہ موقع نہیں ملے گا۔ بی جے پی میں انہیں پچھلی صف میں بیٹھنا پڑے گا۔ دیویندر فڈنویس مشکل میں ہیں کیونکہ ان کا خود کا سروے انہیں بتاتا ہے کہ ان کی تمام ترکوششوں کے باوجود بی جے پی مہاراشٹر میں اچھی کارکردگی نہیں کررہی ہے ۔ اس لیے وہ اپنی اور پارٹی کی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ 15 تاریخ کو کانگریس کے ایم ایل ایز کی میٹنگ ہے اس کے بعد 16 اور 17 کو لوناوالا میں تربیتی کیمپ کا انعقاد ہو گا، ابھی وقت گیانہیں ہے، اشوک چوہان کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ پٹولے نے اس یقین کا بھی اظہارکیا کہ ناندیڑ کانگریس کا گڑھ ہے اور کانگریس پارٹی ہی یہاں سے لوک سبھا انتخاب جیتے گی۔

کانگریس پارٹی کے ایم ایل ایزکے لیڈربالاصاحب تھورات نے کہا کہ جب اشوک چوہان بی جے پی میں شامل ہوئے تو دہلی کی سرحدوں پر کسان تھے۔ ان کے والد شنکر راؤ چوہان کو بھی کانگریس پارٹی نے ریاست میں وزیر اعلیٰ اور مرکزمیں مختلف محکموں کا وزیر بننے کا موقع دیا تھا۔ ایسے میں ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کا مطلب ہے کہ وہ دباؤ میں رہے ہوں گے یا خود غرضی کے سبب انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہوگی۔ لیکن عوام اب بیدار ہو چکی ہے اور آنے والے انتخابات میں وہ بی جے پی سے سود سمیت حساب ضرور لے گی۔ تھورات نے یقین ظاہر کیا کہ مہا وکاس اگھاڑی مضبوط ہے اور اسمبلی انتخابات جیت کر ریاست میں کانگریس اپنا وزیر اعلیٰ بنائے گی۔

اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہا کہ اشوک چوہان نے بی جے پی میں شامل ہو کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی ہے۔ لوگ بی جے پی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔ وڈیٹی وار نے یہ بھی کہا کہ چوہان کے جانے سے آسمان نہیں ٹوٹ پڑا ہے ،لیڈر چلے گئے تو کیا ہوا، کارکنان ہمارے ساتھ ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading