بی جے پی کے خلاف بولنے والوں پر ہی کارروائی کے ڈنڈے: ناناپٹولے
’ہرگھرترنگا ‘مہم میں بی جے پی کے ذریعے ترنگے کی توہین
آزادی گوروپدیاترا کا ناسک میں زبردست استقبال
ممبئی:ملک کو انگریزوں کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہوئے 75 سال ہوچکے ہیں۔ آزادی کے بعد ملک جمہوریت اور آئین کے راستے پر چل رہا تھا لیکن گزشتہ آٹھ سالوں سے جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے۔انگریزوں کے دور میں جس طرح حکومت کے خلاف بولنے والوں پر کارروائی کی جارہی تھی اسی طرح آج بی جے پی حکومت کے خلاف بولنے والوں پر کارروائی کی جارہی ہے اور جولوگ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں انہیں واشنگ مشین میں صاف کردیا جاتا ہے جو افسوسناک ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے کہی ہیں۔
ناسک شہرو ضلع کانگریس کمیٹی کے آزادی گورو پدایاترا میں ریاستی صدرناناپٹولے نے حصہ لیا۔ اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر ملک بھر میں آزادی گورو پدایاترا نکالی جا رہی ہے جس کے ذریعے ملک کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے اور قربانیاں دینے والے لاکھوں لوگوں کی یادوں کا تازہ کیا جارہا ہے۔ جبکہ دوسری جانب بی جے پی ’ہرگھرترنگا‘ مہم کے ذریعے ترنگا کی توہین کررہی ہے۔ یہ ترنگے چین سے درآمدکئے گئے ہیں۔ ان ترنگوں کی شکل وشباہت تک درست نہیں ہے جبکہ پربھنی میں ترنگوں کے ساتھ بی جے پی نے کمل کے چھاپ والے جھنڈے تقسیم کئے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی نے ترنگا کا کبھی احترام نہیں کیا، اس نے ہمیشہ اس کی توہین کی۔ بی جے پی ترنگے کی اہمیت نہیں سمجھتی ہے۔یہ ترنگا ملک کی شان ہے، کروڑوں ہندوستانیوں کی تحریک ہے لیکن بی جے پی نے اس کی بھی مارکیٹنگ شروع کردی ہے۔ ہماری ان سے ایک ہی گزارش ہے کہ آپ ترنگے کی توہین نہ کریں۔
ناناپٹولے نے کہا کہ ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے کسانوں کو زبردست نقصان ہوا ہے۔ ان کسانوں کو خاطرخواہ مدد دلانے کے لیے کانگریس پارٹی مسلسل کوششیں کررہی ہے۔ حکومت نے اس ضمن میں جومددکا اعلان کیا ہے وہ بہت معمولی ہے۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ فی ہیکٹر 75ہزار روپئے مدد دی جائے۔ ناسک واورنگ آباداضلاع میں کچھ علاقوں میں سبزی وپھلوں کا بڑے پیمانے پرنقصان ہوا ہے۔ ان کسانوں کی مدد کے لیے امداد کی گائڈ لائن میں تبدیلی لائی جائے جس کے لیے اسمبلی کے اجلاس میں آواز اٹھائی جائے گی۔
لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے ضلع نندربار میں پدایاترا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر تھورات نے کہا کہ 1942 کی تحریک کے بعد ملک انگریزوں کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی پھیل گئی تھی، عوام سڑکوں پر اترآئی اور پھر 1947 میں ملک آزاد ہوا۔جولوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ مہاتماگاندھی وکانگریس نے ملک کو کیا دیا، ان سے اب یہ پوچھنے کا وقت آگیا ہے کہ آزادی کی تحریک میں آپ کہاں تھے؟ مہاتماگاندھی نے ملک کو آزادی دلائی، ستیہ گرہ، سچائی اور عدم تشدد کا درس دیا جبکہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے آئین دیا جس کی وجہ سے آج ہم جمہوریت اور آئین کی بنیاد پر ایک قوم کے طور پر کھڑے ہیں۔
کانگریس پارٹی اور کانگریس کے لیڈر پنڈت نہرو، لال بہادر شاستری، اندراگاندھی، راجیو گاندھی، پی وی نرسمہا راؤ، ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کی مضبوط قیادت کی وجہ سے آج یہ ملک مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس ملک کو متحد رکھنے کا کام کانگریس نے کیا جس کے لیے گاندھی خاندان نے قربانیاں بھی دیں۔ کانگریس نے ملک کو آزادی دی، برابری کا حق دیا اور ملک کی ترقی کو ایک نئی سمت دی۔
ناسک میں پدیاترا کے دوران ریاستی صدرنانا پٹولے کے ساتھ ریاستی نائب صدر شرد آہر، ایم ایل اے ہیرامن کھوسکر، ریاستی جنرل سکریٹری اور سابق وزیر ڈاکٹر شوبھا بچھاؤ، ریاستی جنرل سکریٹری اور ناسک کے انچارج برج دت، ڈاکٹر ہیم لتا، ریاستی سکریٹری راہل دیوے، ناسک دیہی کے صدر ڈاکٹر تشار شیوالے، شاہو کھیرے، ببلو کھیرے، سوشل میڈیا کے ریاستی کوآرڈینیٹرگیانیشورچوہان کے ساتھ کانگریس کے عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کل 13/ اگست کو ناگپور ضلع اورشہر کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام پدایاترا میں حصہ لیں گے۔