MPCC Urdu News 10 March 21

رام دیوبابا اور انل امبانی کو دی گئی اراضی پر انڈسٹری کب بنے گی؟: نانا پٹولے

ممبئی: 10/مارچ 2021

رام دیوبابا کی پتانجلی گروپ کو ہربل اینڈ فوڈ پارک نیز انل امبانی کی کمپنی کے لیے ناگپور کے میہان پروجیکٹ میں ریاستی حکومت نے برائے نام قیمت پر دی تھی لیکن ان جگہوں پر ابھی تک کوئی انڈسٹری نہیں بنی۔ کسانوں کی بیش قیمت زمین کوڑیوں کے بھاؤ میں دینے کے باوجود ابھی تک اس پر انڈسٹری کیوں نہیں بنی؟ ان زمینوں پر انڈسٹری کب قائم ہوگی؟ یہ سوال آج یہاں رواں اسمبلی اجلاس میں ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔

پٹولے نے کہا ہے کہ میہان پروجیکٹ میں 230ایکڑ زمین پر رام دیوبابا کی پتنجلی گروپ ہربل اینڈ فوڈ پارک قائم کرنے والا تھا۔ رام دیوبابا کو یہ زمین ۶۶ سالوں کے لیے انتہائی کم قیمت پر دی گئی تھی۔ اس ہربل اینڈ فوڈ پارک کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کی وجہ سے 50ہزار روزگار پیدا ہوگا نیز روزآنہ ۵ ہزار کروڑ روپئے کا خام مال خریدا جائے گا۔ لیکن چار سال گزرجانے کے باوجود ابھی تک وہ زمین خالی ہے اور اس پر پتانجلی انڈسٹری قائم نہیں ہوئی ہے۔ اسی طرح انل امبانی کی ریلائنس ڈیفنس کمپنی کے لیے میہان میں 289 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے بھی براہ راست ۲ ہزار اوربالواسطہ 15/ہزار ملازمتیں پیدا ہونگی۔ لیکن یہ کمپنیاں ابھی تک قائم نہیں ہوئی ہیں۔ناناپٹولے کے مذکورہ بالاسوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیرصنعت سبھاش دیسائی نے کہاکہ رام دیو بابا وانل امبانی سمیت جن جن لوگوں کو صنعتیں قائم کرنے کے لیے حکومت نے زمینیں الاٹ کی ہیں مگر ان جگہوں پر صنعتیں نہیں قائم ہوئی ہیں، ایسے تمام لوگوں کے بارے میں حکومت معلومات حاصل کرنے کے بعد مناسب کارروائی کرے گی۔

امبانی کے گھر پر ہیلی پیڈ کی منظوری کے لیے بی جے پی کی سازش: ناناپٹولے

ممبئی: 10/ مارچ 2021

صنعتکار مکیش امبانی کے گھر پر ہیلی پیڈ موجود ہے لیکن اس کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے بازار میں مکیش امبانی کی کمپنی کے حصص کی قیمت گر رہی ہے، جس کی وجہ سے ان کوزبردست نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اس صورت حال میں بی جے پی نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کامعاملہ اچھال کر یہ کوشش کی ہے کہ ان کے ساتھ ہمدردی پیدا ہو اور سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر ان کے ہیلی پیڈ کو منظوری ملے۔یہ سنگین الزام مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے عائد کیا ہے۔

اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ مکیش امبانی کے گھر سے ایک کلومیٹر کی دوری پر جلیٹن کی سلاخیں رکھی ہوئی گاڑی ملی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ امبانی کو مرکزی حکومت، ریاستی حکومت نیز ان کے ذاتی سیکوریٹی عملے کے باوجود وہ گاڑی وہاں تک کیسے پہونچی؟ پٹولے نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ 2009 انل امبانی کے ہیلی کاپٹر میں خرابی پیدا کرکے حادثہ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس معامے میں جس کا نام سامنے آیا تھا، اس کی موت اس واقعے کے دوسرے دن ہی ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست وملک کے اہم مسائل پر بات چیت نہ ہونے دینے کے لیے بی جے پی نے مذکورہ معاملات پر ہنگامہ آرائی کرکے اسمبلی کے اجلاس کا وقت ضائع کیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading