بھوکر کے سینکڑوں نوجوان کارکنان کی ایم آئی ایم میں شمولیت

ناندیڑ: 9اکتوبر ( نامہ نگار) کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے قومی صدر الحاج بیرسٹر اسد الدین اویسی کی جانب سے ناندیڑ ضلع مجلس کی تشکیل نو کے بعد کرشماتی شخصیت فیروز لالہ کے ہاتھوں جب قیادت تھامی گئی تب سے مجلس نے تیز رفتار ترقی کی ہے۔ آج بھوکر کے سینکڑوں کارکنان نے جن کا مختلف جماعتوں سے تعلق رہا ہے فیروز لالہ کی موجودگی میں بیرسٹر اسد الدین اویسی کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے مجلس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان نوجوانوں کا صدر ضلع مجلس فیروز لالہ نے گلپوشی کے ذریعہ پُرتپاک خیر مقدم کیا۔ عیاں رہے کہ بھوکر اسمبلی حلقہ سے سابق وزیر اعلیٰ مہاراشٹر مسٹر اشوک راﺅ چوہان کی اہلیہ امیتا چوہان ریاستی اسمبلی میں نمائندگی کرتی ہیں۔ کانگریس کے اس باوقار گڑھ سے سینکڑوں متحرک نوجوانوں کا مجلس میں شامل ہونا جہاں ایم آئی ایم کے لئے نیک فعال ثابت ہوا وہیں کانگریس کے لئے تشویشناک امر ثابت ہوا۔ مجلس میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کا موقف تھا کہ ملک میں مجلس وہ واحد جماعت ہے جو دلت، اقلیتی طبقات، پچھڑے طبقات کی موثر نمائندگی کی اہل ہے اور بیرسٹر اسد الدین اویسی ایوان پارلیمنٹ میں انہی طبقات کی موثر نمائندگی کرتے ہیں۔ اس پس منظر میں وہ مجلس کو استحکام بخشنے کے لئے ایم آئی ایم میں شامل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ضلع مجلس نامزد ہونے کے بعد فیروز لالہ نے ناندیڑ ضلع کے تمام تعلقوں کا دورہ کرتے ہوئے لوگوں پر مجلس کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کی طرف راغب کیا تھا۔ آج بھوکر کے جن نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ان میں چند نام کچھ اس طرح ہیں۔ بابا خان، جن ہت بھرشٹاچار نرمولن کمیٹی کے صدر لائق علی، محمد عتیق الدین، شیخ واجد، مجیب قریشی، شیخ علی، شیخ صابر، افروز خان، جنید پٹیل، انورالدین انعامدار، ارشاد خان، شیخ توصیف وغیرہ۔ اس موقع پر مقامی مجلس کے ذمہ داران جاوید اسمٰعیل، حیدر پٹیل، شیخ احمد، محمد سلیم، سید غفران و دیگر مجلسی کارکنان موجود تھے۔

Leave a comment