ممبئی: (ورق تازہ نیوز)ریاست مہاراشٹر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش نے وقتی راحت پہنچائی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ودربھ کے تین اضلاع اکولہ، امراوتی اور وردھا کے لیے جمعہ اور سنیچر کو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کئی اضلاع میں اورنج الرٹ نافذ ہے۔ شدید گرمی کے باعث عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع پونے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی، لیکن ریاست کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ ضلع چندرپور کے برہمپوری علاقے میں گزشتہ روز درجہ حرارت 47.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ریاست میں سب سے زیادہ رہا۔ اسی دوران گونڈیا اور گڑچرولی اضلاع میں لو لگنے سے دو افراد کی موت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ناگپور میں شدید گرمی کا قہر
ضلع ناگپور میں محکمہ موسمیات نے آج اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ شہر میں گرمی کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں بازاروں اور سڑکوں پر عوامی آمد و رفت میں 50 سے 60 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ شہری لو لگنے کے خوف سے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
گونڈیا میں 45.2 ڈگری درجہ حرارت
ضلع گونڈیا میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ غیر موسمی بارش کے بعد چند روز راحت رہی، تاہم اب دوبارہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مسلسل دوسرے دن یہاں 45.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کے باعث سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں۔ محکمہ صحت نے ابتدائی اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ایک کھیت مزدور کی موت لو لگنے سے ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے اور دوپہر میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔
اکولہ میں گرمی کی شدت برقرار
ضلع اکولہ میں آج پھر 44.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ بڑھتی گرمی کے باعث لو لگنے کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ سال 2026 کے موسم گرما میں 21 مئی تک ضلع اکولہ میں لو لگنے کے 83 مریض سامنے آئے، جن میں سے 81 افراد صحت یاب ہوکر اسپتال سے فارغ ہوچکے ہیں، جبکہ ایک مریض زیر علاج ہے۔ اس دوران دو مشتبہ افراد کی موت لو لگنے سے ہونے کی اطلاع ہے۔
مغربی ودربھ کے مشترکہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 131 افراد لو کا شکار ہوئے ہیں، جن میں 128 افراد کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ دو مریض زیر علاج ہیں۔ دو مشتبہ اموات میں 30 سالہ شیام شری کرشن انگلے اور 50 سالہ رامیشور مہادیو جامبھلے شامل ہیں۔
امراوتی میں ریڈ الرٹ جاری
ضلع امراوتی میں گزشتہ دو دنوں سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے 23 مئی تک ضلع میں ریڈ الرٹ برقرار رکھا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی گرمی کی شدت میں کمی کے امکانات کم ہیں۔