لاتور:ایک روزہ ادبی کانفرنس کاانعقاد

لاتور(محمدمسلم کبیر)اداراۂ ادب اسلامی اودگیر کے زیر اہتمام یک روزہ علاقائی ادبی کانفرنس بعنوان”اردو ادب میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی”14/اکتوبر بمقام گرانڈ فنکشن ہال،جلکوٹ روڈ،اودگیر میں منعقد ہوئی.ڈاکٹر شیخ عظیم الدین(ڈین ایجوکیشن،انٹیگرل یونیورسٹی،لکھنو) اور ڈاکٹرحامداشرف(صدر شعہ اردو،ایم.یو. کالج،اودگیر)  نے صدارت کی.ڈاکٹرمقبول احمد مقبول صدر ادارہ ادب اسلامی اودگیر نے افتتاحی کلمات میں اردو زبان و ادب کے حوالے سے کہا کہ اردو زبان ابتدا ہی سے گنگا جمنی تہذیب کی علامت رہی ہےاور اردو ہمیشہ ہی قومی یکجہتی اور حب الوطنی کی علمبردار رہی ہے.ڈاکٹر سلیم محی الدین، ڈاکٹر خلیل صدیقی،محمد عظمت الحق، قریشی زیتون بانو،جاگیردار عذرا شیرین اور شیخ ارم فاطمہ نے بالترتیب اردو غزل اور قومی یکجہتی،روف خیر کی شاعری میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی، پریم چند کی مذہبی رواداری،چکبست کی شاعری میں قومی یکجہتی،مولانا آزاد کا تصور قومیت اور حب وطن،علی سردار جعفری اور قومی یکجہتی کے عنوانات سے مقالات پیش کیے. مہمان خصوصی ڈاکٹرگورو جیولیکر نے کہا کہ بھائ چارہ اور پیار و محبت بڑی دولت ہے، اسے کسی حال میں نہیں کھونا چاہیے. اگر بھائی چارہ نہ ہو تو دیش ترقی ممکن ہی نہیں.ڈاکٹر حامد اشرف نے تمام مقالوں کا سیرحاصل جائزہ لیتے ہوئےمقالوں کوسراہا. ڈاکٹرشیخ عظیم الدین نے اپنے پر مغز صدارتی خطبے میں یہ کہا کہ بھائ چارگی کاجذبہ پیدا کرنے کے لیے جہاں اور بہت سے طریقے عمل میں لائے گئے ہیں وہاں اردو ادب نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔شاکر راہی نے نظامت کی اور محمد اکرام نے شکریہ ادا کیا۔9 بجے شب عبدالغفار راہی کی صدارت میں سہ لسانی(اردو،ہندی،مراٹھی)مشاعرہ بعنوان “مذہب نہیں سکھاتاآپس میں بیررکھنا” منعقد ہوا.ڈاکٹرشیخ اصغر(امیر مقامی جماعت اسلامی)اور تھانیدار نصیرالدین مہمانان اعزازی کے طور پر شریک تھے.ڈاکٹر سلیم محی الدین،ڈاکٹر مقبول احمد مقبول، ظہیراحمد جوش،ڈاکٹر خلیل صدیقی قاضی، سید پاشا رہبر،قاسم ساجد، منان عظیم،خضر خاں شرر،ماجد قادری،شاکر راہی،سید عقیل، عمران راغب،مبین عاقب،گوئیند کالے،سری گن ریڈی اور شیواجی سوامی نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا.نوجوان شاعر عبدالواجد اشعر پربھنوی نے نظامت کی اور سیدی خلیل احمد نے شکریہ ادا کیا۔

Leave a comment