خسرہ اور روبیلا کے امراض سے بچاو کےلئے ٹیکہ مہم

والدین خدشات میں مبتلا

محمدی عظمیٰ خان، اسسٹنٹ ٹیچر، مدینتہ العلوم ہائی اسکول، ناندیڑ

خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے مقابلہ کرنے کے لئے مہاراشٹر میں جاری ٹیکہ مہم کے دوران بچوں کے والدین میں کئی قسم کی الجھن پائی جاتی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ پولیو کی طرز پر خسرہ اور روبیلا سے ملک کے بچوں کا تحفظ کیاجاسکے۔ اب تک لاکھوں بچوں کو یہ ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ والدین کی الجھن اور ان کی غلط فہمیوں سے بچے ان ٹیکوں سے محروم ہورہے ہیں۔ خسرہ دراصل ایک موذی مرض ہے جو ایک وائرس کے ذریعہ انسانی جسم میں پھیلتا ہے۔ ابتدا میں بھی اس کی علامتیں ظاہر ہوتی ہیں لیکن اس کی تشخیص میں غلطی کا امکان ہوتا ہے۔ پھرجب یہ مرض پھیل جائے تو بچوں میں معذوری بھی پیدا ہوسکتی ہے اور موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ اسی طرح روبیلا کا معاملہ بھی ہے۔ اس کی علامتیں بھی خسرہ جیسی ہوتی ہیں۔ یہ ایک متعدی بیماری ہے جو ایک سے دوسرے کو لگ سکتی ہے۔ چونکہ ان بیماریوں کا خطرہ نومہینے کی عمر سے پندرہ سال تک کی عمر کے بچوں میں زیادہ پائے جاتے ہیں اس لئے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کی نگرانی میں محکمہ صحت اور یونیسیف ملک بھر میں ٹیکہ مہم چلارہا ہے جو نومہینے سے پندرہ سال کی عمر کے بچوں کے لئے ہے۔ یہ قومی مہم دراصل خسرہ اور روبیلا کے تئیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہے۔ اس کی بنیادی وجہ خسرہ کا تدارک اور روبیلا کوکنٹرول کرنا ہے۔ نوماہ سے پندرہ سال تک کی عمر کے بچوں کو یہ ٹیکہ لگایا جانا ضروری ہے۔ عوام میں ان ٹیکوں کے تعلق سے بعض غلط فہمیاں پیدا ہوگئی ہیں حالانکہ یہ ساری غلط فہمیاں افواہوں کانتیجہ ہے۔ ملک بھر میں یہ ٹیکہ ہر مذہب اور ہر طبقہ کے بچوں کو دیاجارہا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ خسرہ اور روبیلا ٹیکے گوبری جیسے مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے انتہائی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے خسرہ اور روبیلا ٹیکوں کے منفی اثرات کے خدشات کو پوری طرح مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیکوں سے کوئی منفی اثرنہیں پڑے گا بلکہ نومہینے سے پندرہ سال کے بچوں کو ٹیکے دلانے سے گوبری جیسے مرض سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹرس کے علاوہ ہمارے مذہبی رہنماو¿ں نے بھی اس تعلق سے مسلمانوں کو اطمینان دلایا ہے کہ یہ ٹیکے نہایت کارآمد ہیں اور مسلمانوں کونسل کشی کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی گئی ہیں ان کا ٹیکوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ اور روبیلا کے ٹیکے دلوانے میں کوئی پس وپیش نہ کریں۔

Leave a comment