ناندیڑ:شوہر کے قتل کے الزام میں بیوی کو عمر قید اور جرمانے کی سزا

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) شوہر کو بجلی کا جھٹکا دے کر قتل کرنے والی ملزمہ بیوی کو عدالت نے عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اسٹیشن اُمری کی حدود میں 16 جون 2019 کو درج شکایت کے مطابق ملزمہ آمرپالی بھیم راو ہیبتے (عمر 29 سال، ساکن تلےگاؤں، تعلقہ اُمری) نے اپنے شوہر بھیم راو ناگوراو ہیبتے پر شک کی بنا پر انہیں بجلی کا جھٹکا دے کر قتل کر دیا تھا۔

اس معاملے میں پولیس نے مقدمہ نمبر 85/2019 کے تحت تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت کیس درج کیا تھا۔اس مقدمے کی تفتیش پولیس انسپکٹر اُتم مولے نے کی اور ٹھوس شواہد جمع کرکے عدالت میں چالان پیش کیا۔ سماعت کے دوران ضلع و سیشن جج بھوکر جناب محمد ناصر محمد سلیم نے سرکاری وکیل کے دلائل اور پیش کردہ شواہد کو تسلیم کرتے ہوئے ملزمہ آمر پالی بھیم راو ہیبتے کو دفعہ 302 کے تحت قصوروار قرار دیا۔عدالت نے ملزمہ کو عمر قید کے ساتھ 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ نانڈیڑ جناب اویناش کمار کی رہنمائی میں قائم ٹرائل مانیٹرنگ سیل کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ مقدمے میں سرکاری وکیل محترمہ انورادھا شیوراج داوکڑے (ریڈی) نے حکومت کی جانب سے مؤثر پیروی کی، جبکہ کورٹ پیروی افسر کے طور پر پولیس نائیک شری نواس نائنواڑ نے فرائض انجام دیے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے اس مقدمے میں بہترین کارکردگی پر تفتیشی افسر اور پیروی افسر کو مبارکباد پیش کی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading