ناندیڑ:سائنس اور جغرافیہ کے ٹیچرز کیلئے تربیتی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

0 17

ناندیڑ:25؍ستمبر(عبدارحمٰن): آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (AIITA)ناندیڑ کی جانب سے سائنس اور جغرافیہ مضامین کے معلمین کے لئے ایک رہنمائی و تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ جماعت اسلامی ہند ناندیڑکے کانفرنس ہال،نئی آبادی ناندیڑ میں صبح 10 تا شام 5بجے تک منعقدہ اس ورکشاپ میں پنجم سے دہم جماعت کے سائنس اور جغرافیہ کے معلمین اور معلمات نے بڑی تعداد میں سرگرم حصہ لیا۔ اس ورک شاپ میںناگپور سے جغرافیہ کی تدریس کے ماہر معلم ریاض الخالق اور ایوت محل سے سائنس کی تدریس کے ماہر محمد عتیق نے شرکاء کی رہنمائی کی ۔ورکشاپ میں مہمان خصوصی کے طور پر آئیٹا کے ریاستی صدر عبدالرحیم سر،سیکریٹری سید شریف سر نے شرکت کی۔سید شریف سر نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔انہوں نے آئیٹا کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ورکشاپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی ۔ ریاستی صدر عبدارحیم سر نے ’مہاراشٹر کا بدلتا تعلیمی منظر نامہ اور ہماری ذمہ داریاں ‘ عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی۔انہوں نے اس طرح کے ورکشاپس کو ریاست بھر میں منعقد کرنے کی ضروت پر زور دیا۔ورکشاپ کے دوسرے سیشن میں سائنس اور جغرافیہ کی تدریس کے نئے اور عملی طریقوں پریکٹیکل کے ذریعہ روشنی ڈالی گئی۔ساتھ ہی ان مضامین کی نصابی کتب میں شامل کردہ نئے تصورات کی تفہیم بھی کی گئی ۔ تعلیمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے منعقدہ ٹریننگ سے اساتذہ کی اکثریت غیر مطمئن تھی ۔خصوصاًسائنس اور جغرافیہ کے معلمین تشنگی کی شکایت کررہے تھے۔اساتذہ کی اسی ضرورت کو پورا کرنے کے مقصد سے آئیٹا ناندیڑ نے سائنس اور جغرافیہ کے معلمین کے لئے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسی فیصلہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے دفتر جماعت اسلامی ناندیڑ پر یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا۔اس ورکشاپ میں ناندیڑ شہر و ضلع سے تعلق رکھنے والے مختلف اسکولوں کے سائنس و جغرافیہ کے معلمین و معلمات نے بڑی تعدا میں سرگرم شرکت کی اور ورکشاپ سے استفادہ کیا۔اس موقع پر آئیٹاکے ذمہ داران شیخ عبداللہ،ڈاکٹر عبدالعلیم ،اسلم فیروز سر و دیگر موجود تھے۔