ناندیڑ:جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ہر سال رمضان المبارک میں دعوتی افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں 9( مارچ کو مسجد وزیر آباد میں ایک پُروقار افطار پارٹی منعقد کی گئی، جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ضلع ایس پی ابھیناش کمار، پولس انسپکٹر وزیر آباد پولیس اسٹیشن جناب کدم صاحب ٹریفک پولیس انچارج، و دیگر عہدیداران، اور دیگر سماجی تنظیموں کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا تھا۔
پروگرام کا آغاز مجید خان کے درسِ قرآن سے ہوا، جس میں انہوں نے رمضان المبارک میں روزے کی فرضیت، اس کی حکمت اور قرآن کی روشنی میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے توحید، رسالت اور آخرت کے بنیادی اسلامی تصورات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ پیدا کرنا ہے، تاکہ انسان برائیوں سے بچے اور نیکیوں کی طرف راغب ہو کر اللہ کی رضا حاصل کر سکے۔

اس موقع پر ضلع ایس پی ابھیناش کمار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان ایک برکتوں والا مہینہ ہے، جس میں مسلمان عبادت میں مشغول ہوتے ہیں اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسلام اس معاملے میں بہترین تربیتی نظام رکھتا ہے.
اگر لوگ مذہبی تعلیمات پر عمل کریں تو سماج میں کبھی بھی برائیاں اور جرائم پیدا نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب لوگ اپنے مذاہب کی اصل تعلیمات سے دور ہو جاتے ہیں تو وہ غلط راستے پر چل پڑتے ہیں، جس کی وجہ سے پولیس کو جرائم کی روک تھام کے لیے کارروائی کرنا پڑتی ہے۔

ایس پی ابھیناش کمار نے جماعت اسلامی ہند اور مسجد کمیٹی وزیر آباد کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی دعوتی افطار پارٹیوں سے مختلف مذاہب کے افراد کے درمیان محبت اور بھائی چارہ بڑھے گا، غلط فہمیاں دور ہوں گی اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
مسجد وزیر آباد کے امام و خطیب مفتی ایوب قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں روزے کی فرضیت کا مقصد تقویٰ (یعنی اللہ کا خوف) پیدا کرنا قرار دیا ہے، تاکہ لوگ اللہ کی نافرمانی سے بچیں اور اس کی اطاعت کریں۔
جماعت اسلامی ہند ناندیڑ کے مقامی امیر، ابرار دیشمکھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ اس کوشش میں رہتی ہے کہ برادرانِ وطن کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے۔ اس مقصد کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے، اور افطار پارٹی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر مسلم بھائی مسجد کے ماحول کو قریب سے دیکھیں، مسلمانوں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کریں اور آپسی تعلقات کو مضبوط بنائیں۔
افطار کے وقت تمام شرکاء نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا، جس کے بعد نمازِ مغرب ادا کی گئی۔ غیر مسلم مہمانوں نے بھی مسجد میں قیام کیا اور نماز کے مناظر کا مشاہدہ کیا۔ نماز کے بعد جماعت اسلامی ہند کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کو قرآن مجید کا مراٹھی ترجمہ اور شودھن اسپیشل رمضان سپلیمنٹ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت برادر ڈاکٹر برکت اللّٰہَ سر نے انجام دی.
یہ افطار پارٹی بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ایک کامیاب قدم ثابت ہوئی۔
Mashallah bahut achha Kam Kiya