23؍ فروری کو اورنگ آباد میں پانچ اُردو کتب کے جلسہ اجراء کا انعقاد

ڈاکٹر فوزیہ خان کے ہاتھوں ’’ مٹی کے چاند ستارے‘‘ و دیگر کتابوں کا اجراء

اورنگ آباد: 20؍فروری ( ورقِ تازہ نیوز) فیڈریشن آف آل مائناریٹی ایجوکیشنل آرگنائزیشنز کے زیر سرپرستی اور وارثانِ حرف و قلم کے زیر اہتمام بروز جمعہ 23فروری 2024ء کی شام سات بجے بمقام مولانا ابوالکلام آزاد ریسرچ سینٹر مجنوں ہل، اورنگ آباد میں 5؍کتابوں کا مشترکہ جلسہ اجراء منعقد ہورہا ہے۔ جشن ارتکاز کے تحت یہ 14؍واں پروگرام ہے۔ محمد وصیل صدر وارثانِ حرف و قلم کی اطلاع کے بموجب جلسہ کی صدارت ڈاکٹر ارتکاز افضل کریں گے۔

جلسہ میں ڈاکٹر انتخاب حمید کی کتاب اُردو کے نئے ناول ( صنفی و جمالیاتی منطق)، محمد تقی( ناندیڑ) کی کتاب مٹی کے چاند‘ ستارے ( تنقیدی، تحقیقی و تاثراتی مضامین) ، ڈاکٹر ریحانہ بیگم کی گرہِ نیم باز ( تنقیدی و تحقیقی مضامین)، ڈاکٹر غزالہ پروین کی بازیافت اور ڈاکٹر آمنہ فاروقی کی کتاب معشوقِ دکن ( ڈاکٹر سلیم محی الدین پر مضامین کا مجموعہ) کا اجراء ڈاکٹر فوزیہ خان، ایم۔ پی۔ راجیہ سبھا کے ہاتھوں عمل میں آرہا ہے۔ نظامت کے فرائض ابوبکر رہبر انجام دیں گے۔

جناب نورالحسنین، جناب اسلم مرزا، جناب خان مقیم خان اور ڈاکٹر سلیم محی الدین مہمان خصوصی ہوں گے۔ محمد وصیل صدر وارثانِ حرف و قلم، ڈاکٹر رضوانہ بیگم صدر بزم خواتین اور شیخ ظہور خالد صدر مسلم گریجوئٹس فورم مہاراشٹر نے محبان اُردو سے جلسہ میں شرکت کی پُرخلوص درخواست کی ہے۔

واضح ہو کہ ادارہ وارثانِ حرف و قلم اورنگ آباد پورے مراٹھواڑہ میں اُردو کے فروغ و ترقی کے لئے ایک مضبوط تحریک چلا رہا ہے جس کو اُردو شعراء، ادیبوں اور اُردو عوام کا زبردست تعاون و اشتراک حاصل ہورہا ہے۔ جشن ارتکاز سے قبل اُردو کے عالمی شہرت یافتہ افسانہ نگار و ناول نگار نورالحسنین کا جشن منایا گیا تھا جو بے حد کامیاب رہا تھا۔