۔۔۔۔۔تو برقعہ پر پابندی لگائی جانی چاہئے: پرگیہ سنگھ

بھوپا ل:یکم مئی ۔مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگر ملک کی سکیورٹی کے لئے برقعے پر بابندی ضروری ہے تو اسے لگانا چاہئے۔ ٹھاکر نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران برقعے پر پابندی کےسلسلے میں تنازعہ پر کہا کہ اگرملک کی سکیورٹی کے لئے یہ ضروری ہے تو اس پر پابندی لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب سکیورٹی جانچ کے لئے ہوائی اڈے پر برقعہ ہٹانےکے لئے کہا جاتا ہے تو مزاحمت نہیں کی جاتی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں فیصلہ ملک کے حق میں کرنا چاہئے۔ حکومت کے بجائے خود مسلم طبقے کو برقعے پر پابندی لگانے کافیصلہ کرنا چاہئے۔سری لنکا میں گزشتہ دنوں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سینکڑوں لوگوں کے مارے جانے کے بعد وہاں کی حکومت نے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھکنے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کے بعد شیوسینا نے اپنے پرچے سامنا میں لکھے اداریے میں ہندوستان میں برقعے پر پابندی لگانے کی وکالت کی ہے۔