کراچی: 5مارچ(ایجنسیز)بالاکوٹ میں گزشتہ 26 فروری کو ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کے بعد پاکستانی بحریہ نے اب دعویٰ کیا ہے کہ پیر کے روز یعنی 4 مارچ کو ہندوستانی بحریہ کے آبدوز پاکستان کے سمندری حدود کے اندر دیکھے گئے۔ ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے ایک آبدوز کو پاکستانی حدود میں دیکھا گیا۔ ڈان نے یہ خبر پاک بحریہ کے حوالہ سے شائع کی ہے۔پاک بحریہ کی طرف سے جاری اس ویڈیو میں ایک آبدوز کا اوپری حصہ نظر آ رہا ہے۔ پاک بحریہ کا دعویٰ ہے کہ یہ ہندوستانی آبدوز تھا جسے اس نے اپنے آبی علاقہ میں گھسنے سے روک دیا۔پاکستانی میڈیا کے اس دعویٰ پر ہندوستانی بحریہ کا بھی ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ بحریہ نے کہا ہے کہ وہ اس ویڈیو کی جانچ کر رہی ہے۔آپ کو بتا دیں کہ جموں وکشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری کو سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی بحریہ کے سربراہ نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ بحریہ سربراہ سنیل لامبا نے آگاہ کیا کہ پڑوسی ملک پاکستان سمندر کے راستے سے بھی دہشت گردانہ حملے کرنے کی فراق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں رپورٹیں ملی ہیں کہ دہشت گردوں کو سمندر کے راستہ سے حملے کرنے کو کہا گیا ہے اور اس کے لئے دہشت گردوں کو خاص طرح کی ٹریننگ دی گئی ہے۔