"ہم اپنی مرضی سے خودکشی کررہے ہیں”ناندیڑ میں عاشق جوڑے نے موت کو گلے لگایا

ناندیڑ:19نومبر(ورق تازہ نیوز)”ہم دونوں ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہے سکتے اور اپنی مرضی سے خودکشی کر رہے ہیں”یہ کہتے ہوئے عاشق جوڑے نے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

یہ واقعی ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقہ میں رونما ہوا اور بدھ 18نومبر کی صبح دس بجے منظرعام پر آیا،جس کے باعث علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی۔والکی تاکاپسی روڈ کے قریب ایک کسان کے کنویں میں دو نعشیں تیرتی ہوئی پائی گئیں۔مقامی لوگوں نے واقعے کے بارے میں عثمان نگر پولیس کو آگاہ کیا۔پولیس نے نعشوں کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے کاپسی کے ہیلتھ سینٹر روانہ کردیاگیا۔

موصولہ تفصیلا ت کے مطابق والکی بزرگ کی رہائشی کومل شری کانت کولتے(19سال) اور دھناجی مکند کولتے(22سال) ا ن دونوں میں کچھ دنوں سے معاشقہ چل رہاتھا۔
بتایا جاتاہے کہ دھناجی کولتے بی اے سال سوم کاطالب علم تھا جبکہ کومل نے بارہویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ دونوں کے مکانات آمنے سامنے ہیں۔بتایا جاتاہے دھناجی رشتہ میں بھائی ہونے کے باعث کومل کی شادی اس سے نہیں ہوسکتی ہے اس لئے کومل کے والدین نے کومل کی شادی اردھاپور میں ایک رشتہ دار کے لڑکے سے لاک ڈاؤن کے عرصہ میں چارماہ قبل کردی گئی تھی۔ اس کے باوجود کومل کا اپنے عاشق کے ساتھ معاشقہ جاری تھا۔

چونکہ دونوں میں بہن وبھائی کہ رشتہ تھا جس کے باعث وہ نہ تو شادی کرسکتے تھے اورنہ بھاگ سکتے تھے یہ رشتہ ا ن کی محبت میں رکاوٹ بن رہاتھا۔ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار یہ دونوں عشاق محبت میں تڑپ رہے تھے۔ اس دوران دیوالی کیلئےکومل اپنے گھر آئی تھی۔ اس موقع پر سے فائدہ اٹھاکر دونوں نے اپنی زندگی کے خاتمہ کافیصلہ کیا اور والکی بزرگ تا کاپسی روڈ پر واقع ایک کنویں میں چھلانگ لگاکر اپنی محبت وزندگی کا خاتمہ کردیا۔ واقعے کا انکشاف چہارشنبہ کو اس وقت ہوا جب لاشیں کنویں میں تیر رہی تھیں۔کنویں کے آس پاس بدبو پھیل گئی تھی۔ یہ دونوں دودن قبل گھر سے بھاگے تھے۔ دونوں نے خودکشی کرنے سے قبل خودکشی کے نوٹ لکھے تھے۔اس میں لکھا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے خودکشی کررہے ہیں اس کیلئے کسی کو موردِ الزام نہ ٹھہرایاجائے۔ ہم ایک دوسرے کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔