پنجی یکم جولائی (یواین آئی)گوا کے مڈگاوں ای ایس آئی اسپتال میں بدھ کو کورونا وائرس’کووڈ-19‘سے متاثرہ بزرگ کی موت کے ساتھ ہی ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چار ہوگئی۔ذرائع کے مطابق دارالحکومت کے پاس تلیگاوں کے رہنے والے 64سالہ شخص کو گذشتہ چار روز سے سانس لینے میں دشواری اور بخار کے سبب ای ایس آئی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،جس کی آج صبح موت ہوگئی۔
اس درمیان بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ایک ایم ایل اے کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔رکن اسمبلی کے دفتر کے مطابق وہ اور ان کے ساتھیوں کی جلد صحت یابی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔دفتر سے جاری ایک بیان میں سبھی سے اپیل کی گئی ہے کہ براہ کرم اپنا خیال رکھیں اور رکن اسمبلی کی صحت کے لئے دعا کریں۔ریاست میں یہ پہلا معاملہ ہے کہ کسی ایم ایل اے کی جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے۔گذشتہ ہفتہ بی جے پی کے ایک سابق وزیرصحت کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے اور انہیں کووڈ سہولت مرکز میں داخل کرایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ سابق وزیرصحت گردے کی بیماری سے بھی متاثر ہیں۔