ممبئی: گھر، بنگلہ، زمین یا پلاٹ خریدنا ہر ایک کا خواب ہوتا ہے۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا اپنا شاندار مکان ہو۔ لوگ سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی پراپرٹی میں پیسہ لگاتے ہیں۔ لیکن رجسٹری کے دوران بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی بھی ہوتی ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ ایک ہی پلاٹ کی رجسٹری کئی لوگوں کے نام پر ہوتی ہے۔ ایسے میں کئی بار لوگوں کے ہاتھ سے پیسہ اور پراپرٹی دونوں ہی چلے جاتے ہیں۔ اسی لیے کوئی بھی زمین خریدنے سے پہلے مکمل معلومات حاصل کرنا اور چھان بین کرنا ضروری ہوتا ہے۔
پہلے زمین خریدنے کے لیے تحصیل دفتر (تلواتی) سے زمین کے مالک کی معلومات لینی پڑتی تھی، لیکن اب محصولاتی محکمے نے یہ ڈیٹا آن لائن کر دیا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ اب لوگوں کو زمین کے مالک کے بارے میں جاننے کے لیے تحصیل دفتر جانے کی ضرورت نہیں۔ آن لائن طریقے سے آپ زمین کا نقشہ، ملکیتی ریکارڈ، (کھاتے کا خلاصہ) وغیرہ کی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔
آن لائن طریقے سے ریکارڈ کیسے چیک کریں؟
سب سے پہلے آپ کو ریاست کے محصولاتی محکمے کی سرکاری ویب سائٹ پر جانا ہوگا۔ اس کے بعد اپنے ضلع کا نام منتخب کریں۔ پھر تحصیل کا انتخاب کریں۔ اب جس گاؤں کی زمین کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، اس گاؤں کا نام منتخب کریں۔ زمین سے متعلق معلومات کے آپشنز میں سے "مالکانہ نام سے تلاش کریں” والا آپشن منتخب کریں۔ اب زمین کے مالک کے نام کا پہلا حرف منتخب کریں اور سرچ کے بٹن پر کلک کریں۔