ناٹنگھم، یکم جون (یو این آئی ) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل نے ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔
ورلڈکپ 2019 کا دوسرے مقابلہ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی،اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل ٹاپ ا سکورر رہے جنہوں نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 50 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔
کرس گیل ورلڈکپ کی تاریخ میں 40 چھکے مارکر سب سے آگے نکل گئے ہیں جو جنوبی افریقہ کے ریٹائرڈ بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے تین چھکے زیادہ ہے،آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 31 چھکے مارکر تیسرے نمبر پر ہیں۔نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز برینڈن میک کولم 29 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز 28 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ہندستان کے سچن تندولکر اور سابق سری لنکن بلے باز سنت جے سوریہ 28،28 چھکوں کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر ہیں ۔سابق ہندستانی بلے باز سورو گنگولی 25 چھکوں کے ساتھ آٹھویں، آسٹریلیا کے سابق بلے باز میتھیو ہیڈن 23 چھکوں کے ساتھ نویں جب اور ویسٹ انڈیز کے سر ویون رچرڈز 22 چھکوں کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
یو این آئی ۔ این اے