ہم کب تک کانگریس کو ووٹ دیں گے: عبدالصمد سیٹھ
ناندیڑ:24 مارچ( ورق تازہ نیوز) کانگریس پارٹی ہمیشہ سے ملک میں مسلمانوں اوردلتوں کے ساتھ نا انصافی کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ان خیالات کااظہار سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے کارگزار صدر جناب سید معین نے آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ۔
آج ہوٹل اتیتھی میں دوپہر ایک بجے منعقدہ پریس کانفرنس میں ناندیڑحلقہ لو ک سبھا کے سماج وادی پارٹی ۔بہوجن سماج پارٹی اتحاد کے نامزد امیدوار جناب عبدالصمدسیٹھ کا تعارف میڈیا سے کروایاگیا اور اس موقع پر باضابطہ عبدالصمد سیٹھ کو دونوں پارٹیوں کے نامزد امیدوار ہونے کااعلان کیاگیا ۔ سید معین نے کہا کہ ریاست میں چار لوک سبھا حلقوں سے اتحاد میںسما جوادی پارٹی کوچار سیٹیں ملی ہیں جس میںدو سیٹیں ممبئی حلقہ کی ہیں اورایک سیٹ ناندیڑ اور ایک بیڑ لوک سبھا حلقہ کی ہے ۔جہاں سے ایس پی ۔بی ایس پی اتحاد کے امیدوار میدان میںہے ۔سید معین نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ اتحاد انشاءاللہ اسمبلی انتخابات اورناندیڑ کارپوریشن کے آئندہ انتخابات میںبھی برقرار رہے گا۔جس کے مثبت نتائج متوقع ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم صرف دلت اور مسلم ووٹوں پر منحصر نہیں ہے بلکہ ہر سماج و طبقہ کے افرا د کے ووٹ انھیں ملیں گے۔ ناندیڑحلقہ لوک سبھا کے امیدوار عبدالصمدسیٹھ کی انتخابی تشہیری مہم کے لئے یوپی کے سماج وادی پارٹی کے قائد اعظم خان جلد ہی ناندیڑ کادورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ایس پی قائد اکھلیش یادو اور بہن مایاوتی جی کا ناندیڑ میں جلسہ رکھاجائے گا۔25مارچ بروز پیر کو سماج وادی پارٹی کے مرکزی دفتر واقع دیگلورناکہ سے دوپہرہ بارہ بجے شاندار ریالی نکالی جائے گی جو ضلع کلکٹر آفس پہنچے جہاں پر پارٹی امیدوار عبدالصمدسیٹھ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔
جناب عبدالصمدسیٹھ نے کہاکہ کانگریس او راین پی سی نے ہمیشہ ہی ریاست میں انتخابات میں مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی کی ہے ۔ آج بھی دونوں اتحادی پارٹیوں نے 48 سیٹوں میں سے ایک بھی سیٹ پر مسلم یا دلت امیدوار کھڑانہیں کیا ۔انھوں نے کانگریس سے سوال پوچھا کہ ”کیا ہم صرف کانگریس کو ووٹ دیں“؟ یہی ہمارا کام ہے ۔ عبدالصمدسیٹھ نے کہا کہ ہم دلتوں اور مسلمانوں کو انکا حق دلواکر رہیں گے۔اس پریس کانفرنس میں بی ایس پی کے ناندیڑضلع صدر جناب منیش کاوڑے بھی موجود تھے ۔
انھوں نے کہا کہ بہن مایاوتی جی نے پارٹی کے تمام کارکنان کو واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ جہاں کہیں بھی ایس پی ۔بی ایس پی اتحاد کاامیدوار ہے اسے یہ سمجھ کر ووٹ دیں کہ وہ بہن مایاوتی کواپنا ووٹ دے رہے ہیں ۔اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر الطاف سر‘ محمدنظیر ‘ محمد سکندر مولانا کے علاوہ بی ایس پی کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔