نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور اترپردیش کے سابق کابینی وزیر اعظم خان بدھ کی شام غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے رہا ہوگئے۔ منی لانڈرنگ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت ملنے کے بعد ان کی رہائی کا پروانہ جیل انتظامیہ کو موصول ہوا تھا۔ ضروری دستاویزات کی جانچ اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں جیل سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
اعظم خان کی رہائی کی اطلاع ملتے ہی جیل کے باہر ان کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ جب وہ سیاہ رنگ کی اسکارپیو گاڑی میں جیل سے باہر نکلے تو حامیوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا۔ اس موقع پر ان سے ہاتھ ملانے کے لیے لوگوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور مسلسل ’’اعظم خان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم بھی والد کو لینے جیل پہنچے تھے۔
اعظم خان کی رہائی پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’قابل احترام اعظم خان صاحب کی رہائی نے انصاف پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ جب ظلم اور زیادتی حد سے گزر جائے تو سمجھ لیجیے کہ حکمرانوں کے خاتمے کا وقت آ پہنچا ہے۔‘‘
دوسری جانب اعظم خان کے بیٹے ادیب اعظم نے رہائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خاندان اور تمام خیر خواہوں کے لیے عید جیسا دن ہے۔
اعظم خان نے رہائی کے بعد سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں عدالتوں نے اپنی آئینی طاقت اور عدالتی اختیارات کی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم مجرم نہیں ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل اعظم خان کے وکیل محمد یاسر عباسی نے بتایا تھا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر ضمانت کی شرائط طے کرانے کے لیے عدالت میں درخواست داخل کی گئی تھی۔ عدالت نے ہر ایک ضمانت دار کے لیے 50 ہزار روپے کی ضمانتی رقم مقرر کی تھی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اعظم خان کی رہائی عمل میں آئی۔