ناندیڑ (ورق تازہ نیوز): ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک راؤ چوہان سمیت ناندیڑ ضلع کے 4 ارکان اسمبلی کو ایک ہی دن قتل کرنے کی سازش تیار کیے جانے کا سنسنی خیز دعویٰ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں ایک تاجر سے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے اور رقم نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ملزم کو ناندیڑ پولیس کی مقامی جرائم شاخ نے ممبئی سے گرفتار کرلیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ شہر کے مہیش کرشن اجی تتارے اور روی روکڑے ایک دوسرے کے پرانے شناسا ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ روی روکڑے گزشتہ چند دنوں سے مہیش تتارے کو فون کرکے رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے سنگین نتائج بھگتنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں۔
14 نومبر کو دوپہر کے وقت جب مہیش تتارے اپنے گھر پر موجود تھے، اسی دوران روی روکڑے نے انہیں فون کیا اور ایک لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا۔ مہیش تتارے کی جانب سے رقم دینے سے انکار کیے جانے پر روی روکڑے نے انہیں دھمکاتے ہوئے کہا کہ تقریباً 3 سال قبل کارے گاؤں میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک راؤ چوہان اور ناندیڑ کے 4 ارکان اسمبلی کو ایک ہی دن ختم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کے پیچھے بااثر افراد کا ہاتھ ہے اور پورے ناندیڑ ضلع میں کوئی بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
ملزم کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں سے خوف زدہ مہیش تتارے نے اس معاملے کی شکایت وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں درج کروائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے بھتہ خوری کا مقدمہ درج کرکے معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات شروع کردی۔
دوسری جانب ناندیڑ پولیس کی مقامی جرائم شاخ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم روی روکڑے کو ممبئی سے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد سب سے اہم سوال یہ پیدا ہوگیا ہے کہ آیا واقعی سابق وزیر اعلیٰ اشوک راؤ چوہان اور ضلع کے 4 ارکان اسمبلی کو نشانہ بنانے کی کوئی سازش تیار کی گئی تھی یا ملزم نے تاجر کو خوف زدہ کرکے بھتہ وصول کرنے کے لیے اس طرح کی سنگین دھمکیاں دی تھیں۔ پولیس تحقیقات کے بعد ہی اس معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آسکے گی۔