ڈاکٹرشاہ فیصل نے اپنی اس نئی سیاسی جماعت کااعلان کردیا

سری نگر:17مارچ( ایجنسیز) سن 2010 بیچ کےآئی اے ایس ٹاپرڈاکٹرشاہ فیصل جنہوں نے رواں برس جنوری میں سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوکرانتخابی سیاست میں کودنے کا ارادہ ظاہر کیا، نے اتوارکے روزاپنی سیاسی جماعت ‘جموں وکشمیرپیپلزمومنٹ’ کورسمی طورپرلانچ کردیا۔ انہوں نے اپنی جماعت کا نام رسمی لانچنگ تقریب سے ایک روزقبل یعنی ہفتہ کے روز منکشف کیا تھا۔ ‘ہوا بدلے گی’ پیپلزمومنٹ کا نعرہ ہے۔سری نگر کے راجباغ علاقہ میں واقع فٹ بال گراونڈ گندن پارک میں اتوارکومنعقد ہونے والی ایک بڑی تقریب میں شاہ فیصل نے اپنی پارٹی کورسمی طورپرلانچ کیا۔

اس موقع پرمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی درجنوں عوامی شخصیات بشمول جواہرلال نہرو یونیورسٹی طلبائ یونین کی سابق نائب صدرشہلا رشید اورضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان حافظ قرآن و پی ایچ ڈی اسکالرڈاکٹرغلام مصطفی خان نے جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ میں شمولیت اختیارکی۔ شمولیت اختیارکرنے والوں میں سکھ اورکشمیری پنڈت لیڈر بھی شامل تھے۔شاہ فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر پیپلزمومنٹ ریاست کو ایک نئی سیاست دینے کے لئے وجود میں لائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا ‘ہم نے یہ جماعت ریاست کو ایک نئی سیاست دینے کے لئے وجود میں لائی ہے۔ یہ وہ ریاست ہے جس نے پچھلے 70 برسوں کے دوران صرف دھوکے دیکھے ہیں۔ یہ جماعت کسی مخصوص علاقے یا مذہب کی جماعت نہیں ہے بلکہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کی جماعت ہے۔ میرے لئے جموں کا ڈوگرہ، لداخ کا بدھسٹ ، راجوری پونچھ کا مسلمان سب میرے بھائی ہیں۔ ہم آج انہیں اس مجلس سے امن اور دوستی کا پیغام بھیجتے ہیں۔ کشمیری پنڈت ہمارے سماج کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ان کی باعزت گھر واپسی کے بغیر ہماری سیاست نامکمل ہے’۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading